وفاقی حکومت آسان اور سستے علاج کا حامل پروگرام شروع کرے گی، مفتاح اسماعیل

جمعہ 27 اپریل 2018 22:33

وفاقی حکومت آسان اور سستے علاج کا حامل پروگرام شروع کرے گی، مفتاح ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2018ء) وفاقی حکومت بالخصوص ملک کے پسماندہ اضلاع میں بچوں میں بیماریوں کی تشخیص اور روک تھام کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر مبنی آسان اور سستے علاج کا حامل پروگرام شروع کرے گی اور بعد ازاں تمام سرکاری سکولوں تک اس سہولت کو وسعت دی جائے گی۔

(جاری ہے)

جمعہ کو قومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ آج ٹیکنالوجی کی بدولت کئی اہم مسائل کا سادہ، آسان اور سستا حل موجود ہے، اگر ساتذہ کو مناسب موبائل ایپلیکیشنز مہیا کی جائیں تو وہ طالب علموں کی آنکھوں میں دیکھ کر امراض کی تشخیص کر سکتے ہیں۔

اس کے تحت امراض کی تشخیص ابتدائی مرحلے پر ہو سکتی ہے اور آسان اور سستا علاج ممکن ہے، جلد ہی یہ پروگرام ابتدائی طور پر پاکستان کے پسماندہ اضلاع میں شروع کئے جائیں گے اور پھر تمام سرکاری سکولوں تک یہ سہولت دی جائے گی۔ مناسب وقت آنے پر ہم پرائیویٹ سکولوں کو بھی یہ سہولت مہیا کرنے پر زور دیں گے۔ فیڈرل منسٹری آف نیشنل ہیلتھ سروسز بہت جلد اس موضوع پر اپنی رہنمائی شروع کرے گی۔