محکمہ سیاحت کے زیراہتمام تین روزہ سمرٹورازم فیسٹیول سے کشمیری تہذیب وثقافت اور سیاحت کوفرغ ملے گا ‘

نئی نسل اپنے روایتی اور ثقافتی ورثہ سے روشناس ہوگی آزادکشمیرکے وزیرسپورٹس یوتھ اینڈکلچر، ایم ڈی اے ، امورمنگلاڈیم چوہدری محمدسعید کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ اپریل 22:38

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 اپریل2018ء) آزادکشمیرکے وزیرسپورٹس یوتھ اینڈکلچر، ایم ڈی اے ، امورمنگلاڈیم چوہدری محمدسعید نے کہاہے کہ محکمہ سیاحت کے زیراہتمام تین روزہ سمرٹورازم فیسٹیول سے کشمیری تہذیب وثقافت اور سیاحت کوفرغ ملے گا اور نئی نسل اپنے روایتی اور ثقافتی ورثہ سے روشناس ہوگی۔فیسٹیول میں مختلف مقامی کھیلوں کے فروغ سے صحت مند تفریحی سہولیات میسر آئیںگی۔

مسلم لیگ ن کی حکومت وزیراعظم راجہ محمدفاروق حیدرخان کی سربراہی میں آزادکشمیر کی تعمیر وترقی عوام کی خوشحالی اور خطہ میں گڈگورننس کے قیام کے لیے جواقدامات اٹھارہی ہے وہ تاریخ کاسنہری باب ہیںاور اس کے اثرات عوام کوبراہ راست مل رہے ہیں۔ان خیالات کااظہار انھوں نے یہاں میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وزیرسپورٹس چوہدری محمدسعید نے کہاکہ سمرٹورازم فیسٹیول کے میرپورمیں انعقاد سے ڈویژن میرپورمیں سیاحت کوفروغ ملے گا۔

منگلا جھیل جو پانی کابڑاذخیرہ اور دنیا کی خوبصورت ترین جھیل ہے جوبین الاقوامی سیاحوں کی توجہ کامرکزبنے گی ۔ پورے آزادکشمیر کی طرح ڈویژن میرپورکے اضلاع میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت اہم اور تاریخی مقامات تک سیاحوںکی رسائی اور لوگوں کوتفریحی سہولیات کی فراہمی کے لیے پارکس بنائیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہاکہ وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمدفاروق حیدرخان کی قیادت میں برطانیہ میں بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کی آمد پرآزادکشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں اور بالخصوص اوورسیز کشمیریوں نے بھرپوراحتجاج کرکے دنیاکوپیغام دیاہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوزمظالم کی انتہاکوپہنچ چکاہے اس کاسدباب کیاجائے اور کشمیریوں کوان کے پیدائشی حق خودارادیت دینے کے لیے بین الاقوامی دنیا مثبت اقدامات اٹھائے تاکہ 70 سالوں سے جنگ وجدل اور بھارت کے جابرانہ ہتھکنڈوںکوبرداشت کرنے والے کشمیریوں کوان کاپیدائشی حق خودارادیت مل سکے۔