Live Updates

شہباز شریف کی ترقی اشتہاروں میں ہوتی ہے، ان میںاس کی شکل نہیں آ سکتی، عمران خان

ترقی کیلئے انسانوں پر سرمایہ کاری کرنی پڑتی ہے، بغیر تعلیم کے کوئی معاشرہ آگے نہیں بڑھ سکتا، قوم میرٹ کی بنیاد پر ہی اوپر جاتی ہے،نوجوان اس ملک کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں، ہم جتنا نوجوانوں پر خرچ کریں گے، اتنا ہی فائدہ ہو گا چیئرمین تحریک انصاف کا پشاور میں ڈیجیٹل یوتھ سمٹ سے خطاب

جمعہ 27 اپریل 2018 22:40

شہباز شریف کی ترقی اشتہاروں میں ہوتی ہے، ان میںاس کی شکل نہیں آ سکتی، ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 اپریل2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی ترقی اشتہاروں میں ہوتی ہے، اشتہارات میں شہباز شریف کی شکل نہیں آ سکتی، ترقی کیلئے انسانوں پر سرمایہ کاری کرنی پڑتی ہے، بغیر تعلیم کے کوئی معاشرہ آگے نہیں بڑھ سکتا، قوم میرٹ کی بنیاد پر ہی اوپر جاتی ہے۔جمعہ کو پشاور میں ڈیجیٹل یوتھ سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ میرٹ سے قومیں ترقی کرتی ہیں، آسٹریلیا کی آبادی 25ملین ہے جبکہ پاکستان کی آبادی 200ملین ہے، آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم تاریخ کی کامیابی ترین کرکٹ ٹیم ہے، آسٹریلین اولمپک ٹیم سب سے زیادہ گولڈ میڈل جیتتی ہے، آسٹریلیا کا میرٹ سسٹم لوگوں کو اوپر لانا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 800سال تک مسلمان دنیا کی عظیم ترین تہذیب تھی، بعد میں دوسرے آگے نکل گئے، ہمارے نبی حضرت محمدؐنے عظیم اسلامی ریاست کی بنیاد مدینہ میں رکھی تھی، اصولوں سے پیچھے ہٹنے والوں کو ذلت، رسوائی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ جنگ بدر میں مسلمانوں نے ڈنڈوں سے جنگ لڑی، نبی کریمؐ نے جنگی قیدیوں کیلئے یہ بات رکھی کہ جو جنگی قیدی دس مسلمانوں کو پڑھا لکھا دے گا وہ آزاد ہے اور واپس جا سکتا ہے،دنیا کے کسی لیڈرنے وہ بات حاصل نہیں کی جو نبی کریم ؐ نے سکھائی تھی، دنیا کی تاریخ میں کسی نے وہ ایچیومنٹ حاصل نہیں کی جو آپؐ نے کی،آپؐ نے علم اور تعلیم پر زور دیا۔

عمران خان نے کہا کہ دنیا کا کوئی معاشرہ اس وقت تک آگے نہیں بڑھ سکتا جب تک اس نے اپنے لوگوں کو تعلیم نہیں دی، ملائشیا ، سنگاپور، تھائی لیڈر، ہمارے سامنے آگے نکل گئے، کیونکہ انہوں نے اپنے لوگوں کو تعلیم دی، ہم برصغیر میں ہیومن ڈویلپمنٹ میں سب سے آگے تھے، آج تمام ممالک ہم سے آگے نکل گئے، اس کی وجہ ہمارے احمق لیڈر ہیں جو یہ سمجھتے ہیں کہ سڑکیں، پل اور اوورپاسز بنا کر معاشرہ آگے بڑھ جاتا ہے، نوجوان اس ملک کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں، ہم جتنا نوجوانوں پر خرچ کریں گے، اتنا ہی فائدہ ہو گا، اتنا ہی ملک ترقی کرے گا، جو معاشرہ اپنے انسانوں کو ڈویلپ نہیں کرتا، تو اس کا مستقبل ختم ہو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قانون کی حکمرانی سے لوگ آزاد ہو جاتے ہیں، کبھی غلام معاشرے نے بڑا کام نہیں کیا، آزاد ذہن ہی بڑا کام کرتا ہے، انسانوں اور جانوروں کے معاشرے میں فرق ہے، جانوروں کے معاشرے میں جس کی لاٹھی اس کی بھینس والا قانون ہوتا ہے جبکہ انسانوں کا معاشرہ انسانیت سے بنتا ہے،کمزوروں کی مدد سے اللہ کی برکت نازل ہوتی ہے، آپ جتنا بڑا سوچیں گے اتنا ہی کامیاب ہوں گے، میری کامیابی کا راز بھی بڑی سوچ تھی، مںی دنیاوی اشیاء پر رکنے کی بجائے آگے بڑھنے پر یقین رکھتا تھا، آج انفارمیشن کے انقلاب کا زمانہ ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات