کراچی حادثات ،لانڈھی میں ایک شخص کو قتل کردیا گیا،منشیات فروشوں سمیت 7ملزمان کو گرفتار

ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کر لیا گیا

جمعہ 27 اپریل 2018 22:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 اپریل2018ء) لانڈھی میں ایک شخص کو قتل کردیا گیا جبکہ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف تابڑ توڑ چھاپوں میں منشیات فروشوں سمیت 7ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا۔تفصیلات کے مطابق جمعہ کو لانڈھی میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ ملزمان فرار ہوگئے قائد آباد تھانے کی حدود مظفر کالونی مزاری چوک کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کر کے 50سالہ لعل جان ولد میر باز خان کو قتل کردیا اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔

پولیس واقعے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی او ر لاش کو تحویل میں لے کر جائے وقوعہ سے تمام شواہد اکٹھے کرلیے ۔بعدازاں لاش کو ضابطے کی کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کردیا ۔

(جاری ہے)

ادھر اسٹیل ٹاؤن پولیس نے ڈاکوؤں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 2ملزمان ابرہیم اور سیف کو گرفتار کرلیا ۔ملزمان کے دو ساتھی موقع سے فرار ہوگئے ۔ملزمان سے اسلحہ اور لوٹا ہوا سامان برآمد کرلیا ۔

ملزمان سے اسٹیل ٹاؤن سے ڈاکٹر کی فیملی سے لوٹ مار کی تھی پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کردی ۔ادھر سمن آباد کے علاقے میں پولیس نے دو ملزمان اور ارسلان احمد اور ابراہیم کو گرفتار کر کے اسلحہ او ر مختلف اقسام کے بم کے پیکٹ برآمد کرلیے ۔پولیس نے ملزمان کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے ہیں ۔ادھر گلستان پولیس نے تین ملزمان ساجد علی نوید اور عبد الغفار کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا ۔ملزمان ماضی میں بھی گرفتار ہوچکے ہیں ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے تفتیش شروع کردی گئی ہے ۔#