ْ اسلام آباد پولیس نے ہوٹل آئی سسٹم کے نام سے ایک سافٹ وئیر بنایا ہے جو کہ کریمینل ریکارڈ آفس اور نادرا کے ساتھ منسلک ہے ،اس سافٹ وئیر کے یوزر زاور پاسورڈز تمام گیسٹ ہاوسز کو مہیا کئے جارہے ہیں، آئی جی اسلام آباد

جمعہ 27 اپریل 2018 22:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 27 اپریل2018ء) آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری نے کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس نے ہوٹل آئی سسٹم کے نام سے ایک سافٹ وئیر بنایا ہے جو کہ کریمینل ریکارڈ آفس اور نادرا کے ساتھ منسلک ہے ۔اس سافٹ وئیر کے یوزر زاور پاسورڈز تمام گیسٹ ہاوسز کو مہیا کئے جارہے ہیں جس میں ایسے تمام افراد جو گیسٹ ہاوس میں ٹھہرے گا اس کا مکمل ڈیٹا کا اندراج کیا جائے گااور اس کے ساتھ ساتھ گیسٹ ہاوس ملازمان کا ڈیٹا بھی ایک بار درج کر دیں، جمعہ کو اسلام آباد کے گیسٹ ہاوسز مالکا ن کے ساتھ اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس نے سوشل کرائم کے متعلق ہمیں انفارمیشن ملتی رہتی ہے اور اسلام آ باد پولیس نے بڑے پیمانے پر کریک ڈائون کا سلسلہ شروع کیا ہے اوریہ کریک ڈائون روزانہ کی بنیادوں پر ہو رہا ہے ۔

(جاری ہے)

آئی جی نے تمام مالکان کو کہا کہ وہ ایسے پولیس ملازمان جو ایسی کارروائیوں کو سپورٹ کرتے ہیں یا آپ سے کسی غیر قانونی سرگرمی کا مطالبہ کرتے ہیں تو فورا ً اس کے متعلق اطلاع دیں ایسی کالی بھیڑوں کو جیل بھیجا جائے گا ۔اطلاع دہندہ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا ۔آپ سب تجارت کرتے ہیں ایسے مقدس پیشے میں غیر اخلاقی یا غیر قانونی سرگرمیاں اسلامی اقدار کے خلاف ہیں اس سلسلہ میں آپ خود بھی ایسے عناصر کے خلاف کارروائی کریں اور پولیس کو بھی اطلاع دیں ۔

آئی جی اسلام آباد نے تمام مالکان کو واضح طورپر کہا کہ اگر آئندہ کسی بھی گیسٹ ہاوس میں غیر قانونی سرگرمی پکڑی گئی تو اس کو سیل کر دیا جائے گا اور ان کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔آخر میں گیسٹ ہاوسز ایسوسی ایشن اور تمام مالکان نے آئی جی اسلام آباد کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔