ڈائریکٹر اینٹی کرپشن راولپنڈی ریجن عارف رحیم کی جناح ہال مری میں کھلی کچہری

جمعہ 27 اپریل 2018 23:16

مری ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2018ء) محکمہ اینٹی کرپشن راولپنڈی ریجن کرپشن کیخلاف بھرپور کاروائیاں کررہا ہے، ہمارا بنیاد ی فرض ہے کہ اپنی حدود میں کرپشن کو مکمل طور پر ختم کرکے عوام کو کرپٹ سرکاری افسران اوراہلکاروں سے بچایاجاسکے، ہم کسی کو بھی عوام کو لوٹنے کی اجازت نہیں دینگے، اس سلسلہ میں میڈیا اور کمیونٹی کا تعاون انتہائی ضروری ہے۔

ان خیالا ت کا اظہار ڈائریکٹر اینٹی کرپشن راولپنڈی ریجن عارف رحیم نے جناح ہال مری میں ایک پرہجوم کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کے ہمراہ اسسٹنٹ کمشنر مری عارف اللہ خان،چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن مری نجیب اللہ ترین ،ڈی ایس پی سٹی ٹریفک پولیس راجہ خان زمان اور انسپکٹر سرکل آفیسر راولپنڈی چوہدری طاہر عباس بھی تھے جبکہ دیگر محکموں کے سربراہان سائل کنزرویشن آفیسر چوہدری رفیق ،پروٹوکول آفیسر بدرالزمان خالدکے علاوہ بڑی تعداد میں معززین علاقہ اور سائلین بھی موجودتھے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کو کشمیر پوائنٹ کے پانی کے ذخیرہ کرنے والے تالابوں پر خطیر رقم خرچ ہونے کے باوجود لیکج نہ روکنے کی مقامی آبادی کی شکایت کی گئی جس سے مقامی آبادی کے کے گھروں میںلینڈسلائیڈنگ کے خطرات منڈلا رہے ہیں، ڈائریکٹر اینٹی کرپشن عارف رحیم نے اس موقع پر میڈیا کو بتایا کہ 2017 میں انکو7014 درخواستیںموصول ہوئیں جبکہ رواں سال کے چارماہ میں 400 سے زائد درخواستیں موصول ہوچکی ہیں جبکہ ابھی تک 70 سے زائد افراد گرفتارہوچکے ہیں جبکہ کچھ اشتہاری ہیں محکمہ انٹی کرپشن بدعنوانی کیخلاف اپنا بھرپور کردار ادا کررہا ہے۔

انہوں نے عوام کوہدایت کی کہ اگر کوئی بھی اہلکار یا افسر ان سے رشوت مانگے تو اس کی فوری اطلاع براہ راست ان کو دی جائے۔ انہوں نے کھلی کچہری میں اپنا رابطہ نمبر بھی عوام کو دیا۔ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن نے بتایا کی اینٹی کرپشن کا کوئی بھی پرائیویٹ نمائندہ نہیں ہے، اگر کوئی بھی خود کو ہمارا نمائندہ ظاہر کرے تو اسکو فوری گرفتار کرایا جائے۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ ہم انکے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کرینگے اور کرپشن کا مکمل خاتمہ کیاجائیگا۔