خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کی کاروائیاں عروج پر، چار مزید ہوٹل سربمہر، ایبٹ آباد میں سکولوں کی حالت بہتر

پشاور میں خیبر فوڈز مرچ فیکٹری، من پسند کباب اور ماشاللہ ہوٹل سیل، کوہاٹ میں بھی بیکری شاپ کو تالے

جمعہ 27 اپریل 2018 23:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اپریل2018ء) کے پی فوڈ اتھارٹی کے افسران نے کاروائی کرتے ہوئے چند جگہوں کا دوبارہ معائنہ کیا۔ ان ہوٹلز کو اس سے قبل وارننگ نوٹسز جاری کئے جاچکے تھے۔ ناقص صفائی اور متلعقہ شکایات کے عدم ازالے پر خیبرفوڈ مرچ فیکٹری کو تالے لگادیے گئے جبکہ ماشاللہ ہوٹل اور من پسند کباب کو بھی وارننگ نوٹسز میں بتائے گئے شکایات دور نہ کرنے پر سربمہر کردیا گیا۔

دوسری جانب کوہاٹ میں کاروائی کرتے ہوئے کے پی فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے مضر صحت رنگوں کے استعمال پر بیکری کو سیل کردیا۔

(جاری ہے)

ادھر ایبٹ آباد میں کے پی فوڈ اتھارٹی کی آگاہی مہم رنگ لائی ہے اور پندرہ چیک کئے گئے سکولوں میں سے تیرہ میں واٹر فلٹریشن پلانٹ نصب کئے گئے تھے جسے کے پی فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے سراہا اور دیگر سکولوں کو بھی تائید کی بچوں کو صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ ڈائریکٹر جنرل کے پی فوڈ اتھارٹی ریاض محسود نے اتھارٹی کی کاروائیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تمام دفاتر کو ہدایات جاری کی ہیں کہ عوام میں فوڈ اتھارٹی کے قیام سے متعلق شعور اجاگر کریں اور تاجر برادری کو اعتماد میں لیکر ملاوٹ کا گندا کاروبار کرنے والوں کی جڑیں کھوکھلیں کردیں۔