حیدرآباد شہرا ور لطیف آباد میں پانی کی بڑھتی ہوئی قلت کے باعث عوام مشکلات کا شکار

جمعہ 27 اپریل 2018 23:42

حیدر آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2018ء) حیدرآباد شہرا ور لطیف آباد میں پانی کی بڑھتی ہوئی قلت کے باعث عوام مشکلات کا شکار ہورہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار حق پرست اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سید وسیم حسین ، راشد خلجی ، دلاور قریشی ایڈوکیٹ ، انجینئر صابرحسین قائم خانی ،زبیر احمد خان نے اپنے مشترکہ بیان میں حیدرآباد شہر اور لطیف آباد میں پانی کی کمی کے باعث پیدا ہونے والی مشکلات پر حکومت سندھ اور محکہ واسا کی غفلت و لاپروائی کے خلاف سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سندھ کی تعصبانہ پالیسی کی بدولت حیدرآباد کے شہری پانی کے بحران کا شکار ہورہے ہیں جو حکومت کی نااہلی کی منہ بولتا ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پانی کے بحران کو ختم کرنے کیلئے حکومت نے کوئی انتظامات نہیں کیے حکومت سندھ کا طرز حکمرانی عوامی مسائل کے حل میں سب سے بڑی رکائوٹ ہے اورعوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن ایسا نظر آتا ہے کہ حکومت سندھ اقتدار کے عش و عشرت میںمدہوش ہیںانہیں عوامی مسائل کے حل میںکوئی دلچسپی نہیں نظر آتی ہے انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے شہری بنیادی سہولیات سے محروم ہیں عوامی عدالت سے بڑی دنیا میں کوئی عدالت نہیںآج ہم شہری علاقوں کے عوام کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کا فیصلہ عوام کے سامنے رکھتے ہیں اور آنے والے الیکشن میں عوام اپنا فیصلہ سننا دینگے انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کی حق پرست عوام کو ایم کیو ایم کے ووٹر اور سپوٹر ہونے کی سزا دی جارہی ہے جبکہ سب زیادہ ٹیکس شہری علاقوں کے عوام ادا کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 سال سے شہری علاقوں کے عوام بجلی ، پانی کی قلت کا شکار ہیں اور ان کے ساتھ ہونے والے ناانصافیاںحکومت سندھ کی تعصبانہ پالیسی کو ظاہر کر تی ہے۔