سندھ میں خواتین کے ساتھ بڑھتے ہوئے زیادتی کے واقعات کے خلاف طلباء کاحیدرآباد میں احتجاجی مظاہرہ

جمعہ 27 اپریل 2018 23:42

حیدر آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2018ء) سندھ میں خواتین کے ساتھ بڑھتے ہوئے زیادتی کے واقعات کے خلاف طلباء کی جانب سے حیدرآباد میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا‘ حیدرآباد پریس کلب کے سامنے کئے گئے احتجاجی مظاہرے کے شرکا بینر اور پلے کارڈز اٹھائے پولیس کے خلاف نعرے لگا رہے تھے، مظاہرین کا کہنا تھا کہ سندھ میں خواتین اور معصوم بچیوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے لیکن پولیس ان واقعات کی روک تھام میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، لاڑکانہ میں معصوم بچی صائمہ جروار سے زیادتی کا واقعہ انتہائی شرمناک ہے، انہوں نے کہا کہ خواتین کو کبھی غیرت کے نام پر قتل کیا جاتا ہے تو کبھی زیادتی کا نشانہ بنایا جاتا ہے جو ناقابل معافی جرم ہے، مظاہرین نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی کہ وہ سندھ میں خواتین کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کے واقعات کا از خود نوٹس لیں اور ان واقعات میں ملوث ملزمان کو قرار واقعی سزا دی جائے۔