Live Updates

سندھ اسمبلی کے اجلاس میں پی ٹی آئی رکن خرم شیر زمان کی اسپیکر آغا سراج درانی کو نیب کو تحقیقات کیلئے مطلوب ہونے کا طعنہ

اسپیکر آغا سراج درانی طیش میں آگئے، سخت برہمی کا اظہار ،بدتمیزی مت کرو اور ایوان سے باہر نکل جاؤ،خرم شیر زمان کو انتباہ

جمعہ 27 اپریل 2018 23:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2018ء) سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران جمعہ کو پاکستان تحریک انصاف کے رکن خرم شیر زمان نے اسپیکر آغا سراج درانی کو نیب کو تحقیقات کے لئے مطلوب ہونے کا طعنہ دیا تو آغا سراج درانی طیش میں آگئے،انہوں نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے خرم شیر زمان کو متنبہ کیا کہ بدتمیزی مت کرو اور ایوان سے باہر نکل جاؤ جبکہ سینئر وزیر پارلیمانی امور نثار احمد کھوڑو نے اسپیکر سے مطالبہ کیا کہ خرم شیر زمان کو معطل کردیا جائے۔

اسپیکر اور خرم شیر زمان کے درمیان تلخ کلامی اس وقت ہوئی جب پی ٹی آئی کے رکن نے حلقہ پی ایس ایک 112میں پانی کی عدم فراہمی سے متعلق معاملہ اپنے ایک توجہ دلاؤ نوٹس پر اٹھایا۔ خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ مجھے شرم آرہی ہے کہ ایک اسپیکر کے خلاف بھی نیب تحقیقات کررہاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے آغا سراج درانی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر صاحب آپ پر بھی کرپشن کا الزام ہے۔

جس پر اسپیکر نے کہا کہ میرے دروازے سب کے لئے کھلے ہیں،آپ بھی انکے ساتھ آجانا تحقیقات کرلینا۔ اس موقع پر خرم شیر زمان کا مائیک بند کردیا گیا لیکن وہ تیز آواز میں بولتے رہے اور انہوں نے احتجاجاً ایجنڈے کی کاپی پھاڑ دی۔ خرم شیرزمان نے شور شرابہ کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بولنے کی اجازت دی جائے۔ جس پر اسپیکر نے کہا کہ بدتمیزی مت کرو ایوان سے باہر نکل جاؤ اور انہوں نے خرم شیرزمان کو ایوان سے باہر نکلنے کا حکم دے دیا۔

وزیر بلدیات جام خان شورو نے کہا کہ میں ایوان میں پیش آنے والے واقعہ کی مذمت کرتا ہوں۔ سینئر وزیر پالیمانی امور نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ خرم شیر زمان نے اسپیکر سے بدتمیزی کی ہے ایسے رکن کو معطل کیا جائے۔ اسپیکر نے کہا کہ میں تو پانچ سال سے سمجھا رہا ہوں وہ ذہنی مریض ہے ۔ آغا سراج نے کہا کہ اٴْس کے پاس بدتمیزی کے علاوہ کچھ نہیں ہے میں ایسے شخص کو سمجھانا جانتا ہوں ۔

اسپیکر نے کہا کہ یہ چاہتا ہے میں جہاں بھی رہوں مگر میڈیا میں رہوں ۔انہوں نے کہا کہ میں جو ہوں مجھے خود پتہ ہے ایسے لوگوں سے منہ لگنا کا کیا فائدہ ہے ۔آغا سراج نے خرم شیر زمان سے کہا کہ آپ نیب کے ساتھ آئیں میرے دروازے نیب اور آپ کیلئے کھلے ہوئے ہیں ۔ وزیر ایکسائز میکش کمار چائولہ نے اسپیکر کے ساتھ توہین آمیز رویہ اختیار کرنے کی مذمت کی ۔آغا سراج نے کہا کہ یہ بے چارہ پہلی بار ممبر بن کر آیا ہے، اس لئے خود کو نمایاں کرنا چاہتا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات