پاکستان میں شرح نمو 5.8فیصد کی شرح سے بڑھنا وفاقی حکومت کامیاب معاشی پالیسیوں کا نتیجہ ہے، مسلم لیگ(ن) کراچی ڈویژن

جمعہ اپریل 23:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 اپریل2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن کے نائب صدر حاجی شاہجہان ،جوائنٹ سیکرٹری نور خان اخونزادہ اور میڈیا کوآرڈی نیٹر عبدالحمید بٹنے کہا ہے کہ پانچ سال کے دوران پاکستان میں شرح نمو 5.8فیصد کی شرح سے بڑھنا وفاقی حکومت کامیاب معاشی پالیسیوں کا نتیجہ ہے ۔۔نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کی معیشت کی سمت درست کر دی گئی ہے،ایک ہی وقت میں معیشت کو بہتر کرنا اور مہنگائی پر قابو پاناایک کارنامہ ہے ۔

اپوزیشن کی جانب سے اگر دھرنا سیاست نہ کی جاتی تو یہ معاشی انڈیکس مزید بہتر ہوسکتے تھے ۔جمعے کو جاری بیان میں مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی وفاقی حکومت کی جانب سے مسلسل چھٹا بجٹ پیش کیا جانا جمہوری عمل کے لیے انتہائی خوش آئند ہے ۔

(جاری ہے)

گزشتہ پانچ سالوں کے دوران ملکی معیشت کے تمام شعبوں میں بہتری آئی ہے، پاکستان میں شرح نمو 5.8 فی صد کی شرح سے بڑھی جو گزشتہ 13سالوں میں سب سے زیادہ ہے۔

فی کس آمدن اعشاریہ پانچ فی صد کی شرح سے 1641 ڈالر سالانہ رہی، غربت کی شرح 24اعشاریہ 3فیصد رہی، رواں مالی سال کے پہلے 9ماہ کے دوران دہشت گردی کی شرح میں 62.2فی صد کمی ہوئی، پاکستان کواس جنگ کی وجہ سے سات ارب54کروڑ ڈالرکا نقصان اٹھانا پڑا۔انہوںنے کہا کہ حکومتی پالیسیوں کے باعث مہنگائی کی شرح میں گزشتہ پا نچ سالوں میں بتدریج کمی آئی ہے۔

انہوںنے کہا کہ وفاقی حکومت نے اپوزیشن کی منفی سیاست کے باوجود معاشی شعبے میں جو کارنامے انجام دیئے ہیں اس کے تمام بین الاقوامی معاشی ادارے معترف ہیں ۔اگر دھرنا سیاست کے مداری ملک کو پانچ سال تک تماشہ لگاکر نہ رکھتے تو معاشی صورت حال میں مزید بہتری آسکتی تھی ۔انہوںنے کہا کہ ملک کو دہشت گردی اور توانائی بحران سے نجات دلانے والی مسلم لیگ (ن) آئندہ عام انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کرکے مزید عزم کے ساتھ معاشی کامیابیوں کا سفر جاری رکھے گی اور ملک کو قرضوں کے بوجھ سے آزاد کرائے گی ۔

سی پیک منصوبے کی تکمیل سے بھی ملک معاشی خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا اورنوجوانوں کو روزگار کے نئے مواقع میسر آئیں گے ۔انہوںنے کہا کہ مخالفین روڑے اٹکانے اور تنقید برائے تنقید کی بجائے وفاقی حکومت کی کامیابی معاشی پالیسیوں کا اعتراف کریں ۔