حکومت نے متعدد ٹیکسز میں چھوٹ دیکر عوام دوست حکومت ہونے کا ثبوت دیا ‘ (ن) ٹریڈرز ونگ

بجٹ ملکی معیشت کی ترقی کا ٹول ثابت ہوگا ،اپوزیشن پریشان نہ ہو آئندہ بھی (ن) لیگ حکومت بنائیگی‘ سینئر نائب صدر میاں عثمان

جمعہ اپریل 23:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 اپریل2018ء) مسلم لیگ (ن) ٹریڈرز ونگ نے آئندہ مالی سال کیلئے پیش کئے جانیوالے وفاقی بجٹ کو متوازن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے پہلے سے عائد ٹیکسوں میں چھوٹ دے کر عوام دوست حکومت ہونے کا عملی ثبوت دیا گیا ہے ،،پی ٹی آئی او رپیپلز پارٹی کو ہرگز پریشان ہونے کی ضرورت نہیں انشا اللہ آئندہ بھی مسلم لیگ (ن) حکومت بنائے گی اور بجٹ میں رہ جانے والی کمی کوتاہیوںکو دور کیا جائے گا۔

ٹریڈرز ونگ لاہور کے سینئر نائب صدر میاں عثمان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بجٹ تیاری سے قبل تمام اسٹیک ہولڈرز سے بھرپور مشاورت کی گئی اور قابل عمل تجاویز کو بجٹ دستاویز کا حصہ بنایا گیا ہے ۔ آئندہ مالی سال کا بجٹ ملکی معیشت کی ترقی کا ٹول ثابت ہوگا اوراپوزیشن والے ہاتھ ملتے رہ جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ باوجود اس کے حکومت نے اپنا آخری بجٹ پیش کیا لیکن اس کے باوجود زمینی حقائق کو مد نظر رکھتے ہوئے اقدامات تجویز کئے گئے ہیں ۔

سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں استطاعت کے مطابق اضافہ کیا گیا جبکہ ہائوس رینٹ میںپچاس فیصد اضافہ قابل تحسین اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ٹیکسز کی شرح کے حوالے سے تاجروں، صنعتکاروں اور عوامی امنگوں کے مطابق فیصلہ کیا ہے۔ٹیکس گزاروں کو 3 سال میں ایک سے زیادہ مرتبہ آڈٹ کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ا نہوںنے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ سے پاکستانی معیشت کو عروج ملے گا اور اگر اپوزیشن کے لوگوں نے تعصب نہ رکھا تو وہ بھی شاندار بجٹ پیش کرنے پر حکومت کو داد دینے پر مجبور ہو جائیں گے۔