قومی کھیل ہاکی کے لئے طلبا کی رجحان سازی میں ہمارا بھرپور تعاون جاری رہے گا، عبدالرحمان جسکانی

تعلیمی اداروں میں ہاکی کا فروغ وقت کی ضرورت ہے، پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ہاکی کے ظہرانے سے مقررین کا خطاب

جمعہ 27 اپریل 2018 23:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2018ء) قومی کھیل ہاکی کے لئے طلبا کے رجحان سازی میں ہمارا بھرپور تعاون جاری رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان اسٹیل کیڈٹ کالج کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر عبدالرحمان جسکانی نے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ہاکی کی جانب سے اپنے اعزاز میں دئے گئے ظہرانے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرتی اصلاح کے لئے کھیل کے ذریعے تحمل مزاجی، باہمی تعاون اور ترقی کے جذبات پروان چڑھتے ہیں ہم اس کار خیر میں پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ہاکی کے شانہ بشانہ معاشرتی ترقی کے عمل کا حصہ رہیں گے۔

کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے چیئرمین گلفراز احمد خان نے کہا کہ کھیل نظم و ضبط کے بنیادی اصول سکھاتا ہے اور نظم و ضبط معاشرتی ترقی کی بنیاد ہے ہم اپنے تعلیمی اداروں میں کھیل کو تربیتی آلے کے طور پر استعمال کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اب وقت کی ضرورت ہے کہ سرکاری و نجی تعلیمی ادارے کھیلوں کی سرگرمیوں بالعموم اور ہاکی کو بالخصوص فروغ دیں تاکہ قومی کھیل کو ایک بار پھر ماضی کی طرح دنیا بھر میں قومی عزت و وقار کا ذریعہ بنا سکیں۔

پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ہاکی کے بانی و اعزازی سیکریٹری پروفیسر رائو جاوید اقبال نے کہا کہ ہم تعلیمی اداروں میں تسلسل کے ساتھ ہاکی ورکشاپس کا انعقاد سے طلبا کو ہاکی کے سنہرے دور سے روشناس کروا کر انہیں قومی کھیل کی طرف راغب کر رہے ہیں کیونکہ ہاکی کے زوال کا ایک سبب تعلیمی اداروں سے کھیلوں کی مثبت سرگرمیوں کا معدوم ہونا بھی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے نجی و سرکاری اداروں سے بھی قومی کھیل کی سرپرستی کی اپیل کرتے ہوئے نیشنل بینک آف پاکستان کا شکریہ ادا کیا جس کا اسپورٹس ڈپارٹمنٹ بینک کے صدر سعید احمد کی سربراہی میں مختلف کھیلوں کی سرپرستی خصوصا ہاکی کی بحالی کے لئے کوشاں ہے اور اسپورٹس ڈپارٹمنٹ کے افسران زاہد شہاب، انور فاروقی اور ارشد حسین پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ہاکی کے ساتھ مل کر قومی کھیل کو ملک کے طول و عرض میں فروغ دینے کے لئے شبانہ روزمصروف عمل ہیں بینک کی یہ خدمات نہ صرف قابل تحسین ہیں بلکہ قابل تقلید بھی ہیں۔

تقریب میں مہمان گرامی کو کراچی ہاکی ایسوسی ایشن اور پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ہاکی کی جانب سے تحائف بھی پیش کئے گئے بعدازاں انہیں کے اچ اے اسپورٹس کمپلیکس کا دورہ بھی کروایا گیا اس موقع پر پاکستان اسٹیل کیڈٹ کالج کے اسپورٹس آفیسر میجر ظفر کھیتران، پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ہاکی کے جوائنٹ سیکریٹری سید امتیاز الحسن، میڈیا کمیٹی کے رکن جاوید اقبال، کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکریٹری سید حیدر حسین، نائب صدر ڈاکٹر ایس اے ماجد، سینئر جوائنٹ سیکریٹری جاوید اقبال بیگ، سابق انٹرنیشنل ہاکی کھلاڑی احتشام وارثی، معروف صحافی و ہاکی مبصر ریاض الدین، سوئی سدر گیس کمپنی کنٹریکٹر ایسوسی ایشن کے مرکزی سیکریٹری جنرل محسن علی خان اور دیگر بھی موجود تھے۔