ریونیو ڈویژن کی 32 جاری و نئی سکیموں کیلئے 2 ارب 55 کروڑ 80 لاکھ روپے مختص

جمعہ 27 اپریل 2018 23:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اپریل2018ء) آئندہ مالی سال 2018-19ء کے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام کے تحت ریونیو ڈویژن کی 32 جاری و نئی سکیموں کے لئے 2 ارب 55 کروڑ 80 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ جمعہ کو وفاقی حکومت کی جانب سے جاری کردہ ترقیاتی پروگرام کے تحت ان سکیموں کے لئے مختص رقم میں 62 کروڑ 50 لاکھ روپے کی غیر ملکی امداد بھی شامل ہے۔

(جاری ہے)

ریونیو ڈویژن کی تمام سکیموں کے لئے مجموعی لاگت کا تخمینہ 40 ارب 30 کروڑ 88 لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔ 8 جاری سکیموں کے لئے مجموعی طور پر ایک ارب 41 کروڑ 46 لاکھ روپے مختص کئے ہوئے ہیں جن میں 55 کروڑ 20 لاکھ روپے کی غیر ملکی امداد شامل ہوگی۔ اسی طرح نئی سکیموں کے لئے مجموعی طور پر ایک ارب 14 کروڑ 40 لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں جس میں 7 کروڑ 31 لاکھ روپے کی غیر ملکی امداد بھی شامل ہوگی۔ نئی سکیموں کے لئے لاگت کا مجموعی تخمینہ 3 ارب 60 کروڑ 14 لاکھ روپے لگایا گیا ہے جن میں 51 کروڑ 28 لاکھ روپے کی غیر ملکی امداد شامل ہے۔