سجاول ضلع میں جرائم کی شرح خطرناک حدتک بڑھ گئی

دن دیہاڑے دڑو، بیلو، جونگو جلبانی کے علاقوں میں مسلح افراد نے تین موٹرسائیکل اور قیمتی سامان لوٹ لیا

جمعہ 27 اپریل 2018 23:28

سجاول(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 اپریل2018ء) سجاول ضلع میں جرائم کی شرح خطرناک حدتک بڑھ گئی ہے ، ضلع بھرمیںلوٹ ماراور چوری کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیاہے ، گذشتہ روز دن دیہاڑے دڑو، بیلو، جونگو جلبانی کے علاقوں میں مسلح افراد نے تین موٹرسائیکل اور قیمتی سامان لوٹ لیا، جبکہ شہری علاقوں میںسامان چوری اور دیہی علاقوں میں مویشی چوری کی وارداتیں ہوئی ہیں ،علاقے میں پولیس کی گرفت نہ ہونے سے جرائم پیشہ افراد اب کھل کروارداتیں کررہے ہیں ،جبکہ ضلع بھر میں مختلف تھانوں پر ایسے سفارشی ایس ایچ اوز کا تقرر کیاگیاہے جن کے خلاف سنگین نوعیت کی شکایات ہیں ،جرائم کے خلاف کاروائی نہ کرنے پر پولیس کے خلاف احتجاجات اور شٹربند ہڑتالوں کے بعد من پسند ایس ایچ اوز کو ایک جگہ سے دوسری جگہ پر مقرر کیاجارہاہے تاہم مجرمان کی گرفتاری یاسامان کی برآمدگی نہ ہوسکی ، ایسی شکایات اعلیٰ سطح پر بھی ارسال کی گئی ہیں لیکن ان پر مثبت کاروائی نہ ہوسکی ہے ضلع بھر میں نااھل پولیس افسران کی تقرری کے دوران ان علاقوں میں ایک سو سے زائدموٹرسائیکلیں ، کار اور پک اپ وغیرہ چوری یاچھینی جاچکی ہیں ،جن کاسراغ تک نہیں لگایاگیاہے ، جبکہ لاکھوں روپے کی لوٹ مار اور ڈکیتی و چوری کی وارداتوں پر بھی کوئی کاروائی نہیں ہوسکی ہے، مذکورہ جرائم کے علاوہ ضلع میں اخلاقی جرائم بھی ریکارڈ پرہیں ، مقامی شہریوں نے وزیراعلیٰ سندہ ،وزیرداخلہ سندہ ،آئی جی سندہ اور دیگرسے اپیل کی ہے کہ سجاول ضلع میں پولیس کے اہل اور ایماندار افسران کاتقررکرکے عوام کورلیف دیاجائے اور مسروقہ اشیاء واپس کرائی جائیں۔

#