بجٹ مالی سال 2018-19ء ، بینکاری اور غیر بینکاری کمپنیوں کیلئے سپر ٹیکس کی شرح کو ہر سال ایک فیصد کم کرنے کی تجویز پیش

جمعہ 27 اپریل 2018 23:31

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2018ء) وفاقی حکومت نے مالی سال 2018-19ء کیلئے بینکاری اور غیر بینکاری کمپنیوں کیلئے سپر ٹیکس کی شرح کو ہر سال ایک فیصد کم کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ سپر ٹیکس کی شرح میں مرحلہ وار کمی کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس ٹیکس کا نفاذ 2015ء میں داخلی طور پر بے گھر ہونے والے افراد کی مدد کیلئے کیا گیا تھا جسے 2016ء اور 2017ء میں جاری رکھا گیا۔ بہت سی تنظیموں نے مؤثر ٹیکس ریٹ کم کرنے کیلئے اس ٹیکس کے خاتمہ کا مطالبہ کیا ہے۔ اس وقت یہ ٹیکس4 فیصد کے حساب سے بینکاری کمپنیوں اور 3 فیصد کے حساب سے ان غیر بینکاری کمپنیوں پر لاگو ہے جن کی آمدنی 500 ملین روپے سے زیادہ ہے۔ تجویز ہے کہ سپر ٹیکس مالی سال 2017-18ء کیلئے جاری رکھا جائے تاہم مالی سال 2018-19ء کیلئے بیکنگ اور غیر بینکاری کمپنیوں کیلئے شرح ہر سال ایک فیصد کم کر دی جائے۔

متعلقہ عنوان :