سپریم کورٹ نے بچے کی کسٹڈی سے متعلق کیس میں وکیل کی جانب سے غیرمتعلقہ دلائل دینے پرمزید سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کردی

جمعہ 27 اپریل 2018 23:32

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2018ء) سپریم کورٹ نے بچے کی کسٹڈی سے متعلق کیس میں وکیل کی جانب سے غیرمتعلقہ دلائل دینے پرمزید سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کردی ہے اورکہا ہے کہ زیرسماعت مقدمات میںبھارت کے عدالتی فیصلوں کو بطور مثال پیش نہ کیا جائے ، غیر ملکی قوانین اورپاکستان کی قوانین میں مماثلت نہیں پائی جاتی ،پاکستان کا قانون اسلامی اصولوں پربناہے اور خاصا میچور ہو چکا ہے۔

جمعہ کویہاں چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پردرخواست گزار کے وکیل نے لاہور مں علیحدگی اختیارکرنے والے میاں بیوی کے بچے کی کسٹڈی کے معاملے پردلائل دیتے ہوئے جب بھارتی سپریم کورٹ کے ایک فیصلے کاحوالہ دیا توچیف جسٹس نے فاضل وکیل سے کہاکہ یہاں بھارتی قوانین اورعدالتی فیصلے بطورمثال سپریم کورٹ میں پیش نہ کئے جائیں کیونکہ پاکستان کا قانون اسلامی اصولوں پر بنا ہے اس لئے ہماری عدالت میں صرف پاکستانی عدالتوں کے فیصلوں کی نظیر پیش کی جائے، چیف جسٹس نے مزید کہا کہ غیر ملکی قوانین اورپاکستان کی قوانین میں مماثلت بھی نہیں ہے، اس لئے یہاں صرف پاکستانی عدالتی فیصلوں کا حوالہ دیا جائے ، ہمارے اپنے قانون میں بھی عدالتی مثالیں موجود ہیں، دوسری جانب بچوں کی حوالگی کے کیسز میں شرعی قانون بھی دیکھنا ہوتا ہے ، بعدازاں فاضل وکیل کی جانب سے معذرت کرنے پرمزید سماعت ملتوی کردی ۔