صوبائی ادارے مکمل خودمختار اور سیاسی مداخلت سے پاک ہیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

جمعہ 27 اپریل 2018 23:32

صوبائی ادارے مکمل خودمختار اور سیاسی مداخلت سے پاک ہیں، وزیراعلیٰ ..
صوابی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2018ء) وزیراعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے صحت اور تعلیم کے شعبوں میں ایمرجنسی بنیادوں پر کام کیا اور آج یہ دونوں شعبے ملک کے دیگر صوبوں سے کارکردگی کے لحاظ سے کافی آگے ہیں پہلے ہسپتالوں کی یہ حالت تھی کہ پورے صوبے میں صرف 3500 ڈاکٹرز تعینات تھے جبکہ موجودہ حکومت نے پچھلے پانچ سال کے قلیل عرصے میں ریکارڈ 4500 ڈاکٹرز بھر تی کرکے ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی پور ی کردی اسکے علاوہ صحت انصاف کارڈ کے ذریعے غریبوں کو صحت سہولیات فراہم کی ہیں ، پی ٹی آئی نے اس لئے اقتدار میں آتے ہی سب سے پہلے اداروں کو ٹھیک کرنے کاکام شروع کیا آج صوبے کے تمام ادارے مکمل خودمختار اور سیاسی مداخلت سے پاک ہیں۔

(جاری ہے)

وہ صوابی کے علاقے زروبی میں شمولیتی جلسے سے خطاب کررہے تھے۔پرویزخٹک نے کہا کہ صوبے میں تعلیم کے شعبے پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے سکولوں میں سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے ،سکولوں اور ہسپتالوں میں عملے کی حاضری یقینی بنائی ہے 57000 ہزار اساتذہ میرٹ پر بھرتی کرکے سکولوں میں اساتذہ کی کمی پوری کردی ہے پرائمری سکولوں پر 35ارب روپے خرچ کرکے معیاری تعلیم کو یقینی بنایا ہے یہی وجہ ہے کہ تعلیم کے شعبے میں آج خیبر پختون خوا تمام صوبوں سے آگے ہے جسکا اعتراف کئی ملکی اور غیر ملکی سروے رپورٹ میں بھی کیا جاچکا ہے ۔

وزیر اعلیٰ نے مزید بتایا کہ پولیس کو ہر قسم کی سیاسی مداخلت پاک کرانا صوبائی کا کارنامہ ہے سیاسی مداخلت سے پولیس کی کارکردگی صفر تھی اب پولیس مکمل طور پر غیر سیاسی ہے اور یہی وجہ کہ آج وہ ایک پروفیشنل فورس بن چکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں دیوانی مقدمات کا جلدازجلد فیصلہ کرنے کے لئے 108 سالہ پرانے قانون میں ترمیم کی گئی جو بہت جلد اسمبلی سے پاس کرکے صوبے میں نافذالعمل ہوگا جسکے ذریعے لوگوںکو نسل درنسل منتقل ہوتے مقدمات سے چھٹکارہ مل جائیگا اور ایک سال کے اندر دیوانی مقدمات نمٹائے جائینگے ۔