قبائلی مشران کاکرم ایجنسی کے دوسرے حلقے کی بحالی پر خوشی کا اظہار

جمعہ 27 اپریل 2018 23:33

پاراچنار۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2018ء) کرم ایجنسی کے قبائلی مشران نے فاٹاکرم ایجنسی کے دوسرے حلقے کی بحالی پر خوشی کا اظہار کیا ہے اور حلقے کی بحالی پر الیکشن کمیشن کا شکریہ ادا کیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جمعے کے روز کرم ایجنسی کے دوسرے حلقے کی بحالی کا فیصلہ کیا گیا جو حالیہ مردم شماری کے بعد ختم کیا گیا تھا قبائل نے حلقے کی بحالی کی خوشی میں مٹھائیاں تقسیم کیں پاراچنار میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے منصب بنگش، جلال حسین، کونسلر عنایت حسین، جمیل حسین، حاجی کونین، ملک رجب علی ،محمدعلی طوری اور دیگر قبائلی عمائدین نے کہا کہ حلقے کی بحالی سے ان کے مسائل حل ہونگے عمائدین کا کہنا تھا کہ ایم این اے ساجد طوری سینیٹر سجاد، طوری بنگش قبائل کے رہنما حاجی نور محمد اور دیگر عمائدین نے حلقے کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا عمائدین نے حلقے کی بحالی میں تعاون کرنے پر الیکشن کمیشن پولیٹیکل ایجنٹ بصیر خان وزیر بریگیڈیئر اختر علیم اور دیگر سرکاری حکام کا بھی شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

عمائدین کا کہنا تھا کہ حلقے کی بحالی سے کرم ایجنسی کی پسماندگی ختم کرنے کے لئے راہ ہموار ہوگئی ہے۔انسانی حقوق تنظیم HRCPکرم ایجنسی کے کوآرڈینیٹر عظمت علیزئی نے بھی اپنے ایک بیان میںکرم ایجنسی کے لئے دوسرے حلقے کے بحالی پر الیکشن کمیشن آف پاکستان اور دوسرے اداروں کے کارکردگی کو سراہا ۔