29 اپریل کو مردان جبکہ 13 مئی کو مینار پاکستان پر بڑاجلسہ کیا جائے گا، 2 مئی کو جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ورکرز کنونشن منعقد ہو گا،مولانا فضل الرحمن

جمعہ 27 اپریل 2018 23:47

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2018ء) متحدہ مجلس عمل کے صدر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ 29 اپریل کو مردان میں بہت بڑا جلسہ اور 13 مئی کو مینار پاکستان پر جلسہ کیا جائے گا، پورے ملک سے عوام کو جلسہ میں شرکت کی دعوت دی جائے گی جبکہ 2 مئی کو جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ورکرز کنونشن منعقد ہو گا۔ جمعہ کو متحدہ مجلس عمل کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جناح کنونشن سنٹر میں ہونے والے کنونشن میں مرکزی، صوبائی اور ضلعی عہدیداران شرکت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ 29 اپریل کا مردان میں بہت بڑا جلسہ ہو رہا ہے، یہ جلسہ جے یو آئی کے زیراہتمام ہوگا جس میں ایم ایم اے کے تمام قائدین شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو ملتان میں اور 12 مئی کو مستونگ میں جلسہ عام ہوگا۔

(جاری ہے)

فضل الرحمن نے کہا کہ ہمارے سامنے بہت سے مسائل ہیں، امت مسلمہ 15 سال سے زائد عرصہ سے مشکلات کی زندگی گزار رہی ہے، بارود اور جنگ کی آگ میں جل رہے ہیں، ہم پوری امت مسلمہ کی آواز بنیں گے، کشمیریوں کی آواز ہم بنیں گے، اسلامی دنیا میں جو حالات ہیں اس پر پوری امت مسلمہ کو ایک پلیٹ فارم پر لائیں گے، پاکستان کی قومی سلامتی کو انتہائی اہمیت دیں گے، اہم شعبوں کو بین الاقوامی دباؤ سے نکالیں گے، اجلاس میں آنے والے دنوں کے لیے لائحہ عمل طے کیا گیا، یک جان ہوکر انتخابی مہم کا آغاز کریں گے، صوبائی پارلیمانی بورڈز تشکیل دیے جاچکے ہیں، مرکزی پارلیمانی بورڈ بھی تشکیل ہونے والا ہے، 2 مئی کو اپنے آئندہ سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، 2 مئی کو جناح کنونشن سینٹر میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔