چھپر پل گرنے سے جاں بحق ہونے والے دو سگے بھائیوں کو آبائی علاقے کہکہ میں سپرد خاک کر دیا گیا

جمعہ 27 اپریل 2018 23:48

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2018ء) ہری پور میں چھپر پل گرنے سے جاں بحق ہونے والے دو سگے بھائیوں کو آبائی علاقہ کہکہ میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ جاں بحق ہونے والے دونوں بھائی ہری پور یونیورسٹی کے طالب علم تھے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جمعہ کو تناول کے درجنوں دیہاتوں کو ہری پور شہر سے ملانے والا واحد پل اچانک ٹوٹ گیا تھا جس کے باعث پل سے گذرے والی دو گاڑیاں اور ایک موٹر سائیکل ندی دوڑ میں گر گئے جس کے نتیجہ میں موٹر سائیکل پر ہری پور آنے والے کہکہ کے رہائشی دو سگے بھائی اسامہ اور حسن موقع پر جاں بحق اور چار افراد زخمی ہو گئے تھے جنہیں پولیس، مقامی افراد اور ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا۔

حادثہ کی اطلاع ملتے ہی شہر اور گردونواح کے علاقہ مکینوں کی بھاری تعداد موقع پر پہنچ گئی جبکہ ڈپٹی کمشنر ہری پور سید فیاضٖ علی شاہ و دیگر افسران نے بھی جائے حادثہ کا دورہ کیا اور ڈپٹی کمشنر نے حادثہ کی انکوائری کیلئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سیف السلام کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی قائم کر کے رپورٹ طلب کر لی تھی۔ حادثہ میں جاں بحق ہونے والے دونوں بھائیوں کو آبائی علاقہ کہکہ میں نماز جنازہ کے بعد سپردخاک کر دیا گیا۔