قومی اسمبلی کا بجٹ اجلاس 15مئی تک جاری رہے گا

جمعہ 27 اپریل 2018 23:49

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2018ء) قومی اسمبلی کا بجٹ اجلاس 15مئی تک جاری رہے گا۔ اس کا فیصلہ جمعہ کو سپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق کی سربراہی میں ہونے والی ہائوس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا ۔ سپیکر قومی اسمبلی نے موجودہ قومی اسمبلی کی آخری بزنس ایڈوائزری کمیٹی میں آنے والے اراکین کو خوش آمدید کہا۔

اجلاس میں قومی اسمبلی کے 2018-19ء کے بجٹ اجلاس کے ایجنڈے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس 15 مئی تک جاری رہے گا۔ بدھ دو مئی سے وفاقی بجٹ پر بحث کاآغاز ہو گا ۔بجٹ اجلاس ہفتے کے روز بھی جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 8 مئی 2018ء کو پرائیویٹ ممبر ڈے ہو گا۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ 10مئی کو بجٹ پر بحث سمیٹیں گے ، 11 مئی کو چارجڈ اخراجات پر بحث کی جائے گی۔

12اور 14مئی کو مالی سال 2018-19ء کے مطالبات زر اور کٹوتی کی تحریکو ں پر بحث کی جائے گی۔14 مئی کو فنانس بل پر غور اور اس کی منظوری دی جائے گی جبکہ 15 مئی کو 2017-18ء کے ضمنی مطالبات زر پر بحث اور ووٹنگ ہو گی۔ اجلاس میں شیخ آفتاب احمد، چوہدری محمد اشرف، نوید قمر، اعجاز جاکھرانی، ڈاکٹرشیریں مزاری، شیخ صلاح الدین، مولانا محمد خان شیرانی ، ناصر خان اور صاحبزادہ طارق اللہ نے شرکت کی۔