ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کا مسلم لیگ (ن) کے صدر ، وزیر اعلی محمد شہباز شریف کو ٹیلی فون

امید ہے آپ کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) آئندہ الیکشن میں بھی کامیابی حاصل کرے گی‘ترک صدر شہباز شریف کا ترکی میں ہونے والے عام انتخابات میں کامیابی کیلئے ترک صدر رجب طیب اردوان اور ان کی پارٹی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار

جمعہ اپریل 23:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 اپریل2018ء) ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کو ٹیلی فون کیا-ترک صدرنے پاکستان مسلم لیگ (ن) کا صدر منتخب ہونے پر محمد شہباز شریف کو مبارکباددی - ترک صدر نے محمد شہباز شریف کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا - ترک صدر رجب طیب اردوان نے محمد شہباز شریف سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کا صدر منتخب ہونا آپ کیلئے ایک اعزاز ہے اور امید ہے کہ آپ کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) آئندہ الیکشن میں بھی کامیابی حاصل کرے گی-ترک صدر نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کی بھی خیریت دریافت کی - ترک صدر نے بیگم کلثوم نواز کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی -ترک صدر نے بیگم کلثوم نواز کی جلد صحت یابی کیلئے نیک تمنائؤں کا اظہار کیا- محمد شہباز شریف نے اپنے لئے نیک خواہشات کے اظہار اور بیگم کلثوم نواز کی جلد صحت یابی کیلئے دعا پر ترک صدر کا شکریہ ادا کیا- محمد شہباز شریف نے ترکی میں ہونے والے عام انتخابات میں کامیابی کیلئے ترک صدر رجب طیب اردوان اور ان کی پارٹی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا- انہوں نے کہا کہ اپنے ترک بھائی سے رابطے پر مجھے بے حد مسرت ہوئی ہے -آپ کی جانب سے نیک تمناؤں کا اظہار میرے لئے باعث تقویت ہے ۔