عدالتی فیصلوں کا احترام ہر محب وطن پاکستانی پر لازم ہے،مولانا فضل الرحمن خلیل

وقت آ چکا ہے قوم سیاست کے نام پر مسلط کئے جانے والے چند خاندانوں کے محاسبے کیلئے اٹھ کھڑی ہو،بیان

جمعہ اپریل 23:49

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 اپریل2018ء) عدالتی فیصلوں کا احترام ہر محب وطن پاکستانی پر لازم ہے۔ حکومتی شخصیات کی محاذ آرائی نے ان پانچ سالوں میں ملکی ادروں کووہ نقصان پہنچایا ہے جو آج تک دشمن بھی نہیں پہنچا سکے۔بیرون ملک میں رہنے والے دولت کے بل بوتے پر اقتدار حاصل کرتے ہیں ،ملک لوٹتے ہیں اور اپنی اصل نوکریوں پرواپس چلے جاتے ہیں ، اگر ان کے کردار کو آیاں کیا جائے تو جمہوریت خطرے میں ہے کی گردان پڑھنا شروع کر دیتے ہیں۔

اب وقت آ چکا ہے کہ قوم اپنے اوپر سیاست کے نام پر مسلط کئے جانے والے چند خاندانوں کے محاسبے کے لئے اٹھ کھڑی ہو۔ان خیالات کا اظہار انصار الامہ پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمن خلیل نے اخباری بیان میں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت اپنے پانچ سال پورے کرنے کو ہے۔

(جاری ہے)

بلند و بانگ دعوؤں کے باوجودان پانچ سالوں میں غریب ،،غریب تر اور امیر ،امیر تر ہوتا چلا گیا ہے۔

پاکستان کی عوام آج بھی پینے کے صاف پانی اور بجلی کو ترستی ہے۔نوجوان طبقہ ہاتھوں میں ڈگریاں لئے بے روز گار پھر رہا ہے۔قانون کی عملداری کا یہ عالم ہے کہ ایک سادہ لوح شخص اپنے ساتھ ہوئے ظلم کو بیان کرنے سے ڈرتا ہے۔۔کرپشن کہ یہ عالم ہے کہ بوڑھے ،لاغر وجود طویل قطاروں میں گھنٹوں کھڑے ہونے کے باوجود جب تک رشوت نہ دیں پینشن جاری نہیں ہوتی۔ سربراہ انصار الامہ نے کہا کہ غریب کی جیب کاٹ کر اگلے مالی سال کے لئے پیش کیا جانے والا بجٹ کرپٹ حکمرانوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔اب ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستانی قوم ووٹر کی عزت کو سامنے رکھتے ہوئے اپنے مستقبل کو کامیاب بنانے کی خاطر نیک ،امانت دارقیادت کو منتخب کرکے ایوان میں بھیجے۔