ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کا پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کو ٹیلی فون ،پاکستان مسلم لیگ (ن) کا صدر منتخب ہونے پر محمد شہباز شریف کو مبارکباد دی

جمعہ 27 اپریل 2018 23:30

لاہور۔27 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2018ء) ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کو ٹیلی فون کیا-ترک صدرنے پاکستان مسلم لیگ (ن) کا صدر منتخب ہونے پر محمد شہباز شریف کو مبارکباددی - ترک صدر نے محمد شہباز شریف کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا - ترک صدر رجب طیب اردوان نے محمد شہباز شریف سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کا صدر منتخب ہونا آپ کیلئے ایک اعزاز ہے اور امید ہے کہ آپ کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) آئندہ الیکشن میں بھی کامیابی حاصل کرے گی۔

ترک صدر نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کی بھی خیریت دریافت کی۔ ترک صدر نے بیگم کلثوم نواز کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔

(جاری ہے)

ترک صدر نے بیگم کلثوم نواز کی جلد صحت یابی کیلئے نیک تمنائؤں کا اظہار کیا۔ محمد شہباز شریف نے اپنے لئے نیک خواہشات کے اظہار اور بیگم کلثوم نواز کی جلد صحت یابی کیلئے دعا پر ترک صدر کا شکریہ ادا کیا۔ محمد شہباز شریف نے ترکی میں ہونے والے عام انتخابات میں کامیابی کیلئے ترک صدر رجب طیب اردوان اور ان کی پارٹی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپنے ترک بھائی سے رابطے پر مجھے بے حد مسرت ہوئی ہے -آپ کی جانب سے نیک تمناؤں کا اظہار میرے لئے باعث تقویت ہے۔