وفاقی بجٹ برائے 2018-19ء کو کراچی کے شہریوں نے عوام دوست اور بہترین بجٹ قرار دے دیا

جمعہ اپریل 23:50

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 اپریل2018ء) وفاقی بجٹ برائے 2018-19ء کو کراچی کے شہریوں نے عوام دوست اور بہترین بجٹ قرار دیتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ یہ ایک تاریخی بجٹ ہے۔ عبداللہ ہارون الیکٹرونک مارکیٹ کے دکانداروں نے ’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت کے دوران بجٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکٹرونک آلات پر ٹیکس کی کمی سے عوام کو بہت فائدہ ہو گا۔

(جاری ہے)

ناصر سیلز مین نے اپنے تبصرے میں کہا کہ آج بجٹ اجلاس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سچ کہا ہے کہ یہ ایک یادگار اور تاریخی بجٹ ہو گا جسے عوام، تاجر اور بزنس کمیونٹی پسند کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سگریٹ پر ٹیکس میں اضافہ اور کینسر جیسے موذی مرض کے لئے ادویات سستی کرنا بہت اچھا اقدام ہے۔ ریگل صدر کے دکانداروں نے بجٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک متوازن اور بہترین بجٹ ہے، اگر آنے والی حکومت اسے تبدیل نہ کرے تو عوام اور تاجر برادری کو بہت فائدہ ہو گا۔ جامع کلاتھ ایم اے جناح روڈ کے دکانداروں نے کہا کہ کراچی کے لئے مختص اربوں روپے کے فنڈز سے شہر کی حالت بہت بہتر ہو جائے گی اور گرین بسوں کے حوالے سے وزیر خزانہ کی سندھ حکومت کو آفر ایک اچھا اقدام ہے۔