شب برا ت کے سلسلہ میں سکھر میونسپل کارپوریشن صفائی ستھرائی اور روشنی کے خصوصی انتظامات

جمعہ 27 اپریل 2018 23:50

سکھر۔27اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2018ء) میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ ، ڈپٹی میئر طارق چوہان کی ہدایت پر شب برا ت کے سلسلہ میں سکھر میونسپل کارپوریشن صفائی ستھرائی اور روشنی کے خصوصی انتظامات کررہی ہے ، اس سلسلے میں مساجد ، امام بارگاہوں اور شہر کے تمام قبرستانوں کے اطراف شب برات سے قبل صفائی و روشنی کے انتظامات بہتر کئے جارہے ہیں ، میئر سکھر نے ہدایت کی ہے کہ شہر کی تمام مساجد، امام بارگاہوں ، دینی اجتماعات کی جگہوں باالخصوص قبرستانوں کے اطراف اور راستوں پر صفائی کے انتظامات بہتر سے بہتر کئے جائیں خاص طور پر رات کے اوقات میں روشنی کے اضافی انتظامات کئے جائیں جبکہ شب برات کے موقع پر اپنے عزیز و اقارب کی قبروں پر فاتحہ خوانی کی غرض سے آنے والے افراد کے لئے قبرستانوں کے قریب واقع سبیلوں کو تسلسل سے پانی فراہم کیا جائے تاکہ گرمی کی شدت کے دوران آنے والے پانی سے پیاس بجھا سکیں۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں قبرستانوں میں اگنے والی خاردار جھاڑیوں کو بھی صاف کردیا جائے ، صفائی ستھرائی کے کام بلا تاخیر شروع کردیئے جائیں جو شب برات تک جاری رہیں ، ایسی جگہوں سے کچرا بھی اٹھا لیا جائے، شب برات کے موقع پر بلدیہ اعلیٰ سکھر کی عمارات پر چراغاں بھی کیا جائے گا۔ دریں اثناء میئر سکھر کی ہدایت پر سید صدر الدین بادشاہ کے عرس کے موقع پر سکھر میونسپل کارپوریشن اور بلدیہ روہڑی مشترکہ انتظامات کررہی ہے۔

روشنی ، صفائی اور پینے کے قابل پانی فراہم کیا جائے گا جبکہ روشنی کے لئے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں ، اس سلسلے میں ایگزیکٹو انجینئر شرف الدین ڈنور ، الیکٹریکل انجینئر فیاض میمن کی ٹیم کام کررہی ہے جبکہ چیف سینیٹری انسپکٹر سمیت تمام سینیٹری انسپکٹرز نے صفائی ستھرائی کا کام شروع کردیا ہے ، ان مقامات سے کچرا ہیوی مشینری کے ذریعے ٹھکانے لگایا جارہا ہے۔

متعلقہ عنوان :