وفاقی بجٹ عوام دوست اور ملکی ترقی کا ضامن ہے، غریب عوام کو ریلیف ملے گا،شفیق اعوان

ہفتہ 28 اپریل 2018 00:40

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2018ء) مسلم لیگ (ن) ضلع ایبٹ آباد کے جنرل سیکرٹری شفیق اعوان نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ عوام دوست اور ملکی ترقی کا ضامن ہے، وفاقی بجٹ سے ملک کے غریب عوام کو ریلیف ملے گا۔

(جاری ہے)

جمعہ کو پیش کئے گئے وفاقی بجٹ 2018-19ء کے بعد ’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) چھٹا بجٹ پیش کر رہی ہے جو ملکی تاریخ میں ایک ریکارڈ ہے، تنخواہوں اور پنشن میں 10 فیصد اضافہ سے سرکاری ملازمین کی مشکلات کمی واقع ہو گی، ڈیری اور پولٹری کی قیمت میں کمی سے کچن اخراجات میں بھی کمی واقع ہو گی، سگریٹ مصنوعات مہنگے کرنے سے سگریٹ نوشی کی نفی کی گئی ہے، متوسط طبقہ کیلئے بہترین بجٹ پیش کر کے وفاقی حکومت نے عوام دوست بجٹ پیش کرنے کا کریڈٹ حاصل کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ بجٹ کے اثرات آئندہ انتخابات پر بھی پڑیں گے اور مسلم لیگ (ن) نہ صرف مرکز بلکہ ملک کے چاروں صوبوں میں حکومت بنانے میں کامیاب ہو جائے گی۔ شفیق اعوان نے کہا کہ وہ عوامی فلاح و بہبود کا بجٹ پیش کرنے پر وفاقی وزیر خزانہ سمیت مسلم لیگ (ن) کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔