موجودہ حکومت کے متوازن بجٹ سے غریب عوام کی مشکلات میںنمایاں کمی واقع ہو گی، سردار اورنگزیب نلوٹھہ

ہفتہ 28 اپریل 2018 00:40

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2018ء) رکن صوبائی اسمبلی مسلم لیگ (ن) ضلع ایبٹ آباد کے صدر سردار اورنگزیب نلوٹھہ نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ 2018-19ء میں کسی قسم کے نئے ٹیکس عائد نہیں کئے گئے ہیں، بجٹ میں غریب عوام کا خاص طور پر خیال رکھا گیا ہے، یہ ہر لحاظ سے متوازن بجٹ ہے جس سے مہنگائی میں خاطر خواہ کمی آئے گی۔ جمعہ کو یہاں موجودہ حکومت کی جانب سے بجٹ 2018-19ء پیش کرنے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے مشکل ترین حالات میں ملک اور عوام کو درپیش چیلنجز کو قبول کرتے ہوئے کوئی ایسا ٹیکس نافذ نہیں کیا جس سے براہ راست عوام متاثر ہوں۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کو تنخواہوں اور پنشنرز کی پنشن میں اضافہ کر کے ریلف فراہم کیا ہے، موجودہ بجٹ قومی بچت کے فروغ کا ذریعہ ثابت ہو گا۔

(جاری ہے)

اورنگزیب نلوٹھہ نے کہا کہ بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے خطیر رقم مختص کی گئی ہے، منصوبوں کی تکمیل سے ملک میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک میں شاہراہوں کا نیٹ ورک بچھا رہی ہے تاکہ ملک کی اقتصادی صورتحال بہتر ہو اور غیر ملکی سرمایہ کار ملک میں آ کر سرمایہ کاری کریں، اس منصوبوں کی تکمیل سے ملک سے غربت کا خاتمہ ہو گا اور ملک میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔