سرائیلی فوج انسانی حقوق کی پامالیوں کی مرتکب ہورہی ہے،اقوام متحدہ

غزہ میں فلسطینی مظاہرین کے قتل عام کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ،ذمہ داروں کو کٹہرے میں لایاجائے،عہدیدار

ہفتہ 28 اپریل 2018 12:03

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2018ء) اقوام متحدہ میں انسانی حقوق کے خصوصی مندوب شہزادہ زید بن رعد الحسین نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں نہتے فلسطینی مظاہرین کے قتل عام کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

جرمن ریڈیو کے مطابق اقوام متحدہ کے مندوب نے ایک بیان میں کہا کہ گذشتہ چار ہفتوں سے اسرائیلی فوج غزہ کی مشرقی سرحد پر جمع ہونے والے فلسطینیوں کے خلاف طاقت کا بے دریغ استعمال کر رہی ہے جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں شہری جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جب کہ ہزاروں زخمی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی فوج نے چار ہفتوں کے دوران غزہ کی پٹی میں احتجاج کرنے والے 42 فلسطینیوں کو قتل اور5500 کو زخمی کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ غزہ کی پٹی میں پرامن فلسطینی مظاہرین کے خلاف طاقت کے وحشیانہ استعمال کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیے۔ اسرائیلی فوج ایک بار نہیں بلکہ باربار فلسطینی مظاہرین کے خلاف طاقت کا اندھا دھند استعمال کر رہی ہے۔