یورپی سرحدوں پر سختی،تارکین وطن الجزائر میں جمع ہورہے ہیں،وزیرداخلہ

سرحدین بند کرلینا مسئلے کا حل نہیں،الجزائر کو اپنے ہاں مہاجرین کی بڑھتی ہوئی تعداد پر شدید تشویش ہے،گفتگو

ہفتہ 28 اپریل 2018 12:03

الجیریا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2018ء) الجزائر کے وزیرداخلہ حسن کاچمی نے کہاہے کہ یورپی سرحدوں پر نگرانی سخت ہونے اور غیرقانونی طور پر یورپی یونین میں داخلے میں مشکلات کی وجہ سے الجزائر کو پریشانی کا سامنا ہے۔ یورپ پہنچنے کے خواہش مند ہزاروں غیرقانونی تارکین وطن الجزائر کا رخ کر رہے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق الجزائر کو خدشات ہیں کہ بحیرہء روم میں لیبیا سے اٹلی کے درمیانی راستے پر سخت جانچ پڑتال اور نگرانی کی وجہ سے زیریں صحارا افریقہ کے خطے سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن الجزائرکا رخ کر سکتے ہیں۔

الجزائر کے وزیرداخلہ نے کہا کہ یورپ کی سخت سرحدی پالیسی کی وجہ سے الجزائر کو تارکین وطن کے بوجھ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمارے ہاں اب ہزاروں تارکین وطن موجود ہیں اور ہمیں خدشات ہیں کہ یورپ کی جانب سے دروازے بند کر دیے جانے کے بعد مزید لاکھوں افراد الجزائر کا رخ کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں کا مزید کہنا تھاکہ مسئلے کا حل یہ نہیں کہ آپ اپنے اپنے ملک کے دروازے بند کر لیں اور کسی دوسری جگہ پر لوگوں کو مرنے دیں۔الجزائر کو اپنے ہاں مہاجرین کی بڑھتی ہوئی تعداد پر شدید تشویش ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مالی اور نائجر کے ساتھ ملنے والی قریب ڈھائی ہزار کلومیٹر کی سرحد پر مہاجرین کے سیلاب کو روکنے کے لیے الجزائر بیس ملین ڈالر خرچ کر چکا ہے۔