برسلز میں شیما کرمانی کی شاندار پرفارمنس ،ْ شائقین کے دل جیت لئے

پاکستان میں ادب، کلچر اور فنون لطیفہ کا فروغ انتہائی ضروری ہے ،ْ گفتگو

ہفتہ 28 اپریل 2018 12:57

برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2018ء) برسلز میں ادبی و ثقافتی تنظیم ترقی پسند فن و فکر کی جانب سے عرب کلچرل سینٹر میں منعقد کیے گئے پروگرام میں مقامی و یورپی افراد نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔تقریب میں شیما کرمانی کے دل فریب رقص اور دل و روح کو جھنجھوڑ دینے والی گفتگو نے حاضرین کو انتہائی متاثر کیا۔حاضرین سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ ضیاء مارشل لاء کے دور میں رقص پر پابندی عائد کیے جانے کے بعد انہیں بہت مشکل حالات کا سامنا کرنا پڑا مگر وہ اپنے ساتھیوں کی مدد سے رقص کے فروغ اور صنفی امتیاز کے خاتمے کیلئے کوشاں رہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ادب، کلچر اور فنون لطیفہ کا فروغ انتہائی ضروری ہے۔پروگرام کے آغاز میں ترقی پسند فن و فکر کے ڈائریکٹر شیراز راج نے کہاکہ وہ مستقبل میں بھی پاکستان کے عظیم ثقافتی ورثے کو یورپی عوام تک پہنچانے کی کوشش جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

پروگرام میں معروف سماجی کارکن ڈاکٹر شیر شاہ سید نے اپنے منصوبے ’کوہی گوٹھ وومن ہسپتال‘ کے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا۔

انہوںنے کہا کہ فسٹولا‘ نامی بیماری ہزاروں خواتین کی زندگی اجیرن کر دیتی ہے اور یہ قابل علاج مرض ہے۔ڈاکٹر شیر شاہ سید نے کہا کہ مل جل کر اس اندوہناک صورت حال کا مقابلہ کرنا ممکن ہے۔شیما کرمانی نے فیض احمد فیض کی ’تنہائی‘ اور ’انتساب‘ جبکہ فہمیدہ ریاض کی مشہور نظم ’چادر اور چار دیواری‘ اور ’اسیر شہزادی‘ پر کوریو گرافی کا مظاہرہ کرکے حاضرین کو مسحور کر دیا۔

متعلقہ عنوان :