ویٹ سٹرا چاپر بلور مشین سے باآسانی گندم و توڑی حاصل کی جا سکتی ہے، ماہرین زراعت

ہفتہ 28 اپریل 2018 13:07

فیصل آباد۔28 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2018ء) ماہرین زراعت نے بتایا کہ زراعت میں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیلئے ویٹ سٹرا چاپر بلور مشین متعارف کروائی گئی ہے جس کے استعمال سے ناڑ کے جلائو سے پیدا ہونے والی ماحولیاتی و فضائی آلودگی سے نجات ، مفید کیڑوں کی تلفی سے بچائو سمیت گرے ہوئے سٹوں سے گندم و توڑی حاصل کر نے میں بھی مدد ملے گی۔

ایک ملاقات کے دوران انہوں نے بتا یا کہ ویٹ سٹرا چاپر بلور مشین کے ذریعے گرے ہوئے سٹوں سے فی ایکڑ 15سے 20کلو گرام اضافی گندم اور 25سے 30من فی ایکڑ توڑی حاصل ہو گی جس سے گندم کے کاشتکاروں کو فی ایکڑ 4سے 6ہزار روپے کی اضافی آمدن حاصل ہونے کا بھی امکان ہے۔انہوںنے بتا یا کہ گندم پاکستان کی سب سے اہم اور نقد آور فصل ہے جس کی برداشت ہارویسٹر سے کر کے قیمتی میٹریل کو ضائع ہونے سے بچایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایا کہ پنجاب حکومت زراعت میں جدید ٹیکنالوجی متعارف کروانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ بڑے زمینداروں کے برعکس چھوٹے کاشتکاروں کو زیادہ فائدہ پہنچایا جا سکے۔انہوںنے بتا یا کہ قبل ازیں گندم کی فصل کی کٹائی کے بعد کاشتکار نئی فصل کی بوائی کیلئے وقت کی کمی کے باعث ناڑ کو آگ لگا دیتے تھے جس سے 5.4ملین ٹن گندم کے ناڑ جلنے کے باعث زبردست ماحولیاتی آلودگی پیدا ہوتی تھی اور کاشتکار قیمتی میٹریل کے ضیاع ، فصلوں کیلئے مفید کیڑوں کی ہلاکت سمیت اضافی آمدنی سے بھی محروم رہ جاتے تھے۔انہوںنے بتا یا کہ کاشتکار مزید معلومات و رہنمائی کیلئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت توسیع کے فیلڈ سٹاف سے رابطہ کر سکتے ہیں۔