مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے عوام دوست بجٹ پیش کر کے غریب عوام کے دل جیت لئے، سردار شمعون یار خان

ہفتہ 28 اپریل 2018 13:07

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2018ء) مسلم لیگ (ن) کے سابق رکن صوبائی اسمبلی سردار شمعون یار خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے عوام دوست بجٹ پیش کر کے غریب عوام کے دل جیت لئے ہیں، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ سمیت پنشنرز کی پشن میں اضافہ کر کے اس طبقہ کا خاص خیال رکھا ہے۔ وفاقی بجٹ 2018-19ء پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شاہراہوں اور رابطوں سڑکوں کی فوری تعمیر اور پاک چائنہ اکنامک کولیڈور منصوبہ کی تکمیل سے ملک بہت جلد ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا، ہم امید کرتے ہیں کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کو فعال بنانے کیلئے اقدامات کرے گی۔

انہوںنے کہا کہ بجٹ عوام دوست ہے، مہنگائی پاکستان کا نہیں بلکہ پوری دنیا کا مسئلہ ہے، مہنگائی خصوصی طبقوں کو تباہ کر رہی ہے، موجودہ حکومت مہنگائی کے خاتمہ کیلئے خاطر خواہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غریب عوام کو ریلیف دینے کیلئے مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے بجٹ میں خاطر خواہ اقدامات کئے ہیں، وفاقی بجٹ میں عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود غریب عوام کو ریلیف دینا حکومت کا بڑا کارنامہ ہے، یہ بجٹ ہر لحاظ سے بہترین بجٹ ہے، سابق حکومتوں نے غریب عوام کیلئے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے جبکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کو فعال بنانے کیلئے مزید اقدامات اٹھائے گی۔