موجودہ بجٹ ملک کے غریب اور متوسط طبقہ کو تحفظ فراہم کرے گا، عنایت الله خان جدون

ہفتہ 28 اپریل 2018 13:07

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2018ء) سابق رکن صوبائی اسمبلی عنایت الله خان جدون نے کہا ہے کہ موجودہ وفاقی بجٹ 2018-19ء ملک کے غریب اور متوسط طبقہ کو تحفظ فراہم کرے گا، منصفانہ معاشی اور سماجی نظام کی بدولت قومی یکجہتی اور اقتصادی طاقت میں اضافہ ہو گا، اقتصادی استحکام، سماجی انصاف اور معاشرہ کے تمام طبقوں کی خوشحالی کیلئے ایک نئے دور کا نقیب ہو گا۔

یہاں مالی سال 2018-19ء کے بجٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام حصوں میں رہنے والے ہر کسان، مزدور اور عام شہری کی بھلائی کیلئے حکومت قوم کی تخلیقی صلاحیتوں کو پوری طرح استعمال میں لا کر جدوجہد کر رہی ہے۔ عنایت الله خان جدون نے کہا کہ موجودہ بجٹ پاکستان کے تمام لوگوں کیلئے ہے، یہ غریبوں اور کمزوروں کو تحفظ فراہم کرے گا، ہمیں جن بحرانوں کا سامنا ہے وہ کٹھن ضرور ہیں لیکن یہ قوم ماضی میں بھی ایسی آزمائشوں سے گذر چکی ہے اور ہم اب بھی یہ ثابت کر دیں گے کہ ہم ان چیلنجوں کا کامیابی سے سامنا کرنے اور ان پر غالب آنے کے اہل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گذشتہ مالی سال کے دوران قیمتوں میں اضافہ سے تنخواہ دار طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، وفاقی بجٹ میں تنخواہ دار طبقہ کیلئے انتہائی اطمینان بخش اقدامات کئے گئے ہیں جس سے وہ بہتر انداز میں زندگی بسر کر سکیں گے، اسی طرح پنشنرز کو بھی حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات سے فائدہ پہنچے گا۔