مسلم لیگ کی حکومت اپنے وعدوں پر پورا اتر کر صحیح معنوں میں عوامی خواہشات کی ترجمانی کر رہی ہے

ایبٹ آباد کے مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کا وفاقی بجٹ 2018-19ء پر اظہار خیال

ہفتہ 28 اپریل 2018 13:10

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2018ء) مسلم لیگ (ن) کی حکومت اپنے وعدوں پر پورا اتر کر صحیح معنوں میں عوامی خواہشات کی ترجمانی کر رہی ہے، موجودہ بجٹ 2018-19ء عوام دوست بجٹ ہے، بجٹ سے عام آدمی کو ریلیف ملے گا، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کو عوام دوست بجٹ لانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار ایبٹ آباد کی مختلف طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد محمد سعید، محمد ساجد مغل، محمد صدیق، عبید خان جدون اور عزیر خان نے وفاقی بجٹ 2018-19ء کے حوالہ سے ’’اے پی پی،، سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیک منصوبہ سمیت تمام منصوبوں کی تکمیل سے ملک میں معاشی انقلاب برپا ہو گا، ہمارے پڑوسی ملک کو یہ منصوبہ ہضم نہیں ہو رہا اور وہ اس منصوبہ کو ختم کرنے کیلئے ملک میں امن وامان کی صورتحال کو خراب کر رہا ہے تاہم حکومت پاکستان کا واضح موقف ہے کہ وہ کسی قیمت پر بھی اس منصوبہ کو پایہ تکمیل تک پہنچائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت صحیح معنوں میں غریب عوام کی ترجمان ہے، مسلم لیگ (ن) اپنے وعدوں پر پوری اتر رہی ہے اور عوامی خواہشات کی ترجمانی کر رہی ہے، مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے مشکل حالات کے باوجود بہترین بجٹ پیش کر کے غریب عوام سمیت سرکاری ملازمین اور پنشنرز کے دل جیت لئے ہیں۔