دوڑ پل حادثہ میں زخمی عمیر نواز کی مدعیت میں ذمہ داران کے خلاف تھانہ صدر میں تین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا

ہفتہ اپریل 13:10

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 اپریل2018ء) دوڑ پل حادثہ میں زخمی ہو نے والے عمیر نواز کی مدعیت میں ذمہ داران کے خلاف تھانہ صدر میں تین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا، حادثہ میں دو سگے بھائی جاں بحق جبکہ چار افراد شد ید زخمی ہو گئے تھے۔ تفصیلات کے مطابق تین روز قبل تناول کے درجنوں دیہاتوں کو ہری پور شہر سے ملانے والا واحد پل اچانک ٹوٹ گیا جس کے باعث پل سے گذرنے والی دو گاڑیاں اور ایک موٹر سائیکل ندی دوڑ میں گر گئے جس کے نتیجہ میں موٹر سائیکل پر ہری پور آنے والے کہکہ کے رہائشی دو سگے بھائی حسن اور اسامہ جاں بحق جبکہ چار افراد زخمی ہو گئے تھے جنہیں پولیس،، مقامی افراد اور ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا تھا جبکہ ڈپٹی کمشنر ہری پور سید فیاض علی شاہ و دیگر افسران نے بھی جائے حادثہ کا دورہ کیا اور حادثہ کی انکوائری کیلئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سیف السلام کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی قائم کر کے رپورٹ طلب کی تھی۔

(جاری ہے)

انکوائری کمیٹی میں ایکسئین سی اینڈ ڈبلیو، این ایچ اے اور اے ڈی سی ہری پور شامل تھے۔ گذشتہ روز تھانہ صدر پولیس نے انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں دوڑ پل حادثہ میں زخمی ہونے والے عمیر نواز ولد اختر نواز سکنہ جٹی پنڈ کی مدعیت میں پل ذمہ داران کے خلاف تھانہ صدر میں زیر دفعہ 322/427/337H,ppc مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔