ْبھارت کشمیریوں کی آواز کو طاقت کے بل پر دبانے کی پالیسی پر بدستور عمل پیرا ہے، میر واعظ

ہفتہ 28 اپریل 2018 13:35

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2018ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے چیئرمین عمر فاروق نے بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں نوجوانوں خاص طور پر طلبہ کے خلاف طاقت کے وحشیانہ استعمال کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کی آواز کو طاقت کے بل پر دبانے کی پالیسی پر بدستور عمل پیرا ہے ۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ کٹھوعہ کے المناک واقعے پر جہاں کشمیر کے ہرطبقے نے برملا احتجاج کیا وہیں کشمیری طلبہ بھی سڑکوں پر نکل آئے لیکن ان کے خلاف بھی گولیوں ، پیلٹوں، آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھیوں کا بے دریغ استعمال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ طلباء کو دنیا میں ہر جگہ اپنی بات کہنے کی آزادی ہے لیکن مقبوضہ علاقے میں ایسا نہیںہے۔انہوں نے تعلیمی اداروں کے ارد گرد فورسز کے جمائو کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کا طرز عمل تعلیمی اداروں میں کشیدگی کا ماحول پیدا کرنے کا موجب بن رہا ہے۔