چیف جسٹس ثاقب نثار مینٹل ہسپتال پہنچ گئے‘

ہسپتال کے مختلف وارڈ زکا دورہ ‘سہولتوں کا جائزہ لیا

ہفتہ اپریل 13:40

چیف جسٹس ثاقب نثار مینٹل ہسپتال پہنچ گئے‘
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 اپریل2018ء) چیف جسٹس ثاقب نثار نے لاہور میں مینٹل اسپتال کا دورہ کیا ،جہاں انہوں نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ہفتہ کے روز چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار لاہور میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل اسپتال کا دورہ کرنے پہنچ گئے، اپنے دورے کے دوران چیف جسٹس نے اسپتال انتظامیہ کی جانب سے مریضوں کوفراہم کی جانے والی ادویات وسہولیات کا جائزہ لیا اورمریضوں کی عیادت بھی کی۔

چیف جسٹس نے گزشتہ ہفتے مینٹل اسپتال میں خالی اسامیوں اور بدانتظامی پر ازخود نوٹس لیاتھا،اس معاملے میں چیف جسٹس نے مینٹل اسپتال انتظامیہ اور محکمہ صحت سے جواب بھی طلب کر رکھا ہے۔۔چیف جسٹس پاکستان نے اپنے دورے کے دوران ہسپتال انتظامیہ سے کہا مجھے اپنے وارڈز کا دورہ کروائیں اور میڈیکل اسٹور بھی چیک کروائیں، اس کے علاوہ انہوں نے ہسپتال کے کچن کا بھی معائنہ کیا۔

(جاری ہے)

ہسپتال میں موجود سہولیات کا جائزہ لینے اور ادویات کی عدم فراہمی پر چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہسپتال کی صورتحال زیادہ اچھی نہیں ہے۔ انہوں نے ہسپتال میں سہولیات کے حوالے سے صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق سے بریفنگ بھی لی۔۔چیف جسٹس نے کہا سلمان رفیق صاحب بتائیں مفت ادویات کیسے ملیں گی جہاں جاتاہوں یہی مسئلہ سن رہاہوں۔اس موقع پر عوام نے ان کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔