شامی صدر بشار الاسد نے اپنے بھائی کو ریپبلکن گارڈز کے فورتھ آرمرڈ ڈویژن کا کمانڈر مقرر کردیا

ہفتہ 28 اپریل 2018 13:55

دمشق(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2018ء) شام کے صدر بشار الاسد نے ایک فیصلے میں اپنے بھائی بریگڈیئر جنرل ماہر کو اپنے ریپبلکن گارڈز کے فورتھ آرمرڈ ڈویڑن کا کمانڈر مقرر کردیا۔ فورتھ ڈویڑن شامی حکومت کے پاس باقی رہ جانے والی طاقت ور ترین عسکری ٹکڑیوں میں سے ہے۔ اس سے قبل یہ غیر سرکاری طور پر بشار کے بھائی ماہر کے زیر قیادت تھی کیوں کہ وہ مذکورہ ڈویڑن کے صرف ایک بریگیڈ کا کمانڈر تھا۔

(جاری ہے)

عرب ٹی وی کے مطابق فورتھ ڈویڑن کی تاسیس سابق صدر حافظ الاسد کے دور میں سامنے آئی۔ حافظ کے بھائی اور نائب رفعت نے اس وقت ڈویڑن کی براہ راست کمان سنبھالی۔ دارالحکومت دمشق کی حفاظت اس ڈویڑن کا بنیادی مشن ہے۔اس ڈویژن نے 2011ء میں شروع ہونے والی عوامی انقلابی تحریک کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران انقلابیوں کے زیر انتظام علاقوں میں بم باری، قتل اور تباہی کی کارروائیوں میں حصّہ لیا۔روس نے فورتھ ڈویڑن کو جدید ٹینکوں اور مختلف میزائل ہتھیاروں سے لیس کیا ہے۔ اس کے لیے مالیاتی میزانیے کے دروازے بھی کھلے ہوئے ہیں۔