اگر مجھے یا میرے خاندان کو کچھ ہوا تو ذمہ دار چیف جسٹس ہوں گے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 28 اپریل 2018 14:29

اگر مجھے یا میرے خاندان کو کچھ ہوا تو ذمہ دار چیف جسٹس ہوں گے
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 اپریل 2018ء) : پاکستان مسلم لیگ کے صوبائی اسمبلی کے رکن نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کے خلاف ایف آئی آر درج کروانے کا اعلان کیا ہے۔ رکن صوبائی اسمبلی کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس کے حکم پر سکیورٹی پروٹوکول واپس تو لے لیا گیا ہے لیکن اگر مجھے یا میرے خاندان کو کچھ ہوا تو ذمہ دار چیف جسٹس ہوں گے۔پنجاب اسمبلی میں اسپیکر رانا اقبال کی جانب سے بارہا بیٹھنے کی ہدایت کے باوجود بھی مسلم لیگ ن کے رہنما رانا جمیل حسن نے اپنی تقریر جاری رکھی اور کہا کہ مجھے کچھ لوگوں کی جانب سے دھمکی آمیز کالز موصول ہو رہی ہیں جنہوں نے 2014ء میں مجھے اغوا کیا تھا۔

تاہم وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی مداخلت پر مجھے 6 ماہ بعد ہی بازیاب کروا لیا گیا۔

(جاری ہے)

اغواکاروں میں سے دو کو پولیس نے فائرنگ کر کے مار دیا لیکن باقی ابھی بھی زندہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں اور میرا خاندان سکیورٹی واپس لیے جانے کے بعد نہتے ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر مجھے یا میرے خاندان کو کوئی نقصان پہنچے گا تو چیف جسٹس کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی جائے گی جنہوں نے صوبائی انسپکٹر جنرلز کو گذشتہ ہفتے سکیورٹی واپس لینے کا حکم دیا۔

رانا جمیل نے اپنی اس تقریر کے بعد اسمبلی سے واک آؤٹ کر دیا جبکہ جہاں اسمبلی میں موجود اراکین ان کی اس تقریر سے حیرت میں مبتلا کر دیا وہیں اسمبلی میں موجود کچھ قانون سازوں نے اس حساس موضوع پر ان کی اس تقریر کو سراہا۔ رانا جمیل 2013ء کے الیکشن میں مسلم لیگ ن کے ٹکٹ سے PP-174 ننکانہ صاحب سے کامیاب ہوئے تھے۔