سپریم کورٹ کا سمبڑیال میں صحافی ذیشان بٹ کو قتل کرنیوالے مرکزی ملزم کو 15روز میں گرفتار کرنے کا حکم

ہفتہ 28 اپریل 2018 14:41

سپریم کورٹ کا سمبڑیال میں صحافی ذیشان بٹ کو قتل کرنیوالے مرکزی ملزم ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2018ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے گزشتہ ماہ سمبڑیال میں صحافی ذیشان بٹ کو قتل کرنے والے مرکزی ملزم کو 15روز میں گرفتار کرنے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آئی جی صاحب آپ جانتے ہیں کہ معاملہ کتنا اہم ہے، خود احساس کریں۔گزشتہ روز چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں سمبڑیال میں صحافی ذیشان بٹ کے قتل سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان پیش ہوئے اور عدالت کو بتایا کہ اب تک مرکزی ملزم گرفتار نہیں ہو سکا۔جس پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے آئی جی پنجاب کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ آپ جانتے ہیں معاملہ کتنا اہم ہے،خود احساس کریں۔

(جاری ہے)

عدالت عظمیٰ نے آئی جی پنجاب کو 15روز میں مرکزی ملزم کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔

واضح رہے کہ مذکورہ کیس کی 14اپریل کو ہونے والی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے آئی جی پنجاب کو ذیشان بٹ کے قتل کے مرکزی ملزم کو 10 روز میں گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔یاد رہے کہ صحافی ذیشان بٹ کو 27مارچ کی دوپہر کو سمبڑیال میں اس وقت قتل کردیا گیا تھا، جب وہ دکانداروں پر عائد کیے جانے والے ٹیکس کے حوالے سے معلومات لینے یونین کونسل بیگوالا کے دفتر پہنچے تھے۔اس موقع پر ذیشان بٹ پر تین گولیاں فائر کی گئی تھیں جس کے بعد مرکزی ملزم موقع سے فرار ہوگیا تھا۔