مخالفین کی تمام سازشیں ناکام بنا کر ملک کو روشن کریں گے ،ْ مرتضیٰ جاوید عباسی

ہفتہ 28 اپریل 2018 14:41

مخالفین کی تمام سازشیں ناکام بنا کر ملک کو روشن کریں گے ،ْ مرتضیٰ جاوید ..
ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2018ء) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ مخالفین کی تمام سازشیں ناکام بنا کر ملک کو روشن کریں گے،2018ء کا الیکشن عوامی طاقت سے جیتیں گے، چھپ کر سازشیںکرنے والے سیاسی میدان میں مسلم لیگ (ن) کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔ وہ گذشتہ روز کھولیاں بالا میں گرڈ سٹیشن کے افتتاح کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی اورنگزیب نلوٹھہ، ممبر ضلع کونسل ارشاد خان جدون، سابق ناظم سعید عباسی، سجاد خان آف بگڑہ، طاہرجاوید خان جدون نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ ڈپٹی سپیکر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 42 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار ہونے والا گرڈ سٹیشن کی تکمیل سے اگلے 30 سال کیلئے بجلی بحران پر قابو پایا جا سکے گا، اس گرڈ سٹیشن سے سرکل حویلیاں سمیت یونین کونسل کھولیاں بالا، سرائے صالح اور بالڈھیر کو فائد ہو گا۔

(جاری ہے)

مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ بعض شرپسند عناصر شروع دن سے حویلیاںگرڈ سٹیشن کی تعمیر کے خلاف سازشیں کر رہے تھے، ان کو معلوم تھا کہ یہ منصوبہ لاکھوں عوام کی ضرورت پوری کرے گا اور لوگ مسلم لیگ (ن) کی حمایت کریںگے لیکن ہم نے تمام سازشیں ناکام بنا کر عوام کو اعتماد میں لیکر اس عظیم منصوبہ کو مکمل کیا جو مسلم لیگ (ن) اور میاں محمد نوازشریف کی عوام دوستی کا ثبوت ہے۔ مرتضیٰ جاوید عباسی اور سردار اورنگزیب نلوٹھہ نے کہا کہ افتتاح کی تقریب میں شرانگیزی کرنے والوں کی سازش ہم نے صبر کے ساتھ ناکام بنائی اور اس زیادتی کا جواب 2018ء کے الیکشن میں دیں گے۔