ماں ، بچے کی بہتر اور متوازن غذا صحت مند معاشرے کی ابتدا ہے، چیف ایگزیکٹو آفیسرڈسٹرکٹ ہیلتھ

ہفتہ 28 اپریل 2018 14:42

چیچہ وطنی۔28 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2018ء) چیف ایگزیکٹو آفیسرڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ساہیوال ڈاکٹر مشتاق احمد سپرا نے کہا ہے کہ ماں اور بچے کی بہتر اور متوازن غذا صحت مند معاشرے کی ابتدا ہے اور باشعور شہریوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ غذائی کمی دور کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں ہفتہ غذائیت کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ۔

یہ ہفتہ 30 اپریل سے 5 مئی تک منایا جائے گا۔اجلاس میں آئی آر ایم این سی ایچ کے ڈسٹرکٹ کوارڈ نیٹر ڈاکٹر نعیم عطا اورمانیٹرنگ آفیسر خالد رانجھا کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی ۔انہوں نے کہا کہ صحت مند ماں ایک صحت مند معاشرے کی ضامن ہے جسے یقینی بنانے کیلئے حکومت کئی اقدامات اٹھا رہی ہے ۔

(جاری ہے)

آئی آر ایم این سی ایچ کے ڈسٹرکٹ کوارڈنیٹر ڈاکٹر نعیم عطا نے اجلاس کو بتایا کہ حکومت کی جانب سے ضلع بھر میںغذائیت سے متعلق ہفتہ آگاہی کے دوران حاملہ خواتین اور بچوں کے جسم میں غذائی قلت کی جانچ اور کمی کو پورا کرنے کیلئے مکمل معلومات اور ادویات مفت فراہم کی جائیں گی۔

سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر مشتاق احمد سپرا نے معاشرے کے تمام باشعور اور ذمہ دار شہریوں پر زور دیا کہ وہ ہفتے کو کامیاب بنائیں تا کہ ماں اور بچے کی صحت کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ ان کی شرح اموات کو کم کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :