ٹنڈو جام میں گیس پروسیسنگ فیسلیٹی کے اہم قومی منصوبے کی تکمیل اور افتتاح کی خوشی ہے،

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے نہ صرف پہلے سے زیر تکمیل منصوبوں کو مکمل کیا بلکہ کئی نئے منصوبے شروع کر کے ان کو بروقت مکمل بھی کیا ، گیس پیدا کرنے والے علاقوں کی ترقی کے حوالے سے مزید اقدامات کئے جائیں گے،ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل مسلم لیگ (ن) اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے وژن کی عکاس ہے، ہم عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کر رہے ہیں، ، ہم نے عوام کو گیس کی فراہمی یقینی بنانے کے سارھ ساتھ فراہم کی جانے والی گیس کا معیار بھی بہتر کیا ہے ،ملک میں جمہوریت سے ہی پائیدار ترقی کے عمل کو یقینی بنایا جا سکتا ہے، عوامی خدمت مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا طریقہ کار ہے،مسلم لیگ (ن) نے پاکستان کی تاریخ کا بہترین اور عوام دوست بجٹ پیش کیا وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا ٹنڈو جام میں گیس پروسیسنگ فیسلیٹی کی افتتاحی تقریب سے خطاب

ہفتہ 28 اپریل 2018 14:59

ٹنڈو جام میں گیس پروسیسنگ فیسلیٹی کے اہم قومی منصوبے کی تکمیل اور افتتاح ..
ٹنڈوجام ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ٹنڈو جام میں گیس پروسیسنگ فیسلیٹی کے اہم قومی منصوبے کی تکمیل اور افتتاح کی خوشی ہے، مسلم لیگ (ن) نے پاکستان کی تاریخ کا بہترین اور عوام دوست بجٹ پیش کیا ،او جی ڈی سی نے ثابت کیا کہ وہ اپنا کام مقررہ وقت اور قیمت میں کر سکتی ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے نہ صرف پہلے سے زیر تکمیل منصوبوں کو مکمل کیا بلکہ کئی نئے منصوبے شروع کر کے ان کو مکمل بھی کیا ہے،گیس پیدا کرنے والے علاقوں کی ترقی کے حوالے سے مزید اقدامات کئے جائیں گے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل مسلم لیگ (ن) اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے وژن کی عکاس ہے، ہم نے جو وعدے کئے ان کو پورا کیا جا رہا ہے، ماضی کی حکومتوں نے ملک میں گیس کے بہتر معیار کو یقینی بنانے پر توجہ نہیں دی اور صارفین کو فراہم کی جانے والی گیس کے حوالے سے کئی قسم کے مسائل درپیش تھے ، اس طرح کے دیگر کئی قومی منصوبوں کی بروقت تکمیل نہ ہونے سے قومی معیشت کو سینکڑوں ارب کا نقصان برداشت کرنا پڑا ، ہم نے نہ صرف گیس کی فراہمی یقینی بنائی بلکہ ان پلانٹس سے صارفین کو فراہم کی جانے والی گیس کا معیار بھی بہتر کیا ہے ،ملک میں جمہوریت سے ہی پائیدار ترقی کے عمل کو یقینی بنایا جا سکتا ہے، عوامی خدمت مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا طریقہ کار ہے،مسلم لیگ (ن) نے پاکستان کی تاریخ کا بہترین اور عوام دوست بجٹ پیش کیا ۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو ٹنڈو جام میں گیس پروسیسنگ فیسلیٹی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ناقدین کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ بجلی، گیس سمیت توانائی اور دیگر شعبوں کے ترقیاتی منصوبوں پر ہمارے ساتھ مناظرہ کر لیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی کے دعوے کرنے والے اپنے دور حکومت کا کوئی ایک میگا ترقیاتی منصوبہ دکھا دیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ جس جگہ آج میں موجود ہوں یہاں کی سڑک بھی مسلم لیگ (ن) نے ہی بنائی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے قومی معیشت کے مختلف شعبوں میں اتنے کام کئے جن پر گزشتہ 65 سال کے دوران توجہ نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے گزشتہ پانچ سال میں جو کام کئے ہیں ان کی ملکی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ ہم پر الزام لگانے والے کوئی ایک الزام ہی ثابت کر دیں! انہوں نے کہا کہ مختلف قومی اداروں میں میں کام کرنے والے اہلکار مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی سے آگاہ ہیں، کیونکہ ہم نے کبھی کسی ادارے پر اس کے کام کے حوالے سے مداخلت نہیں کی اور نہ ہی کہا ہے کہ یہ ٹھیکہ سفارش پر کس کو دیا جائے، ہم قومی ترقی کے لئے شفافیت پر یقین رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے ملک میں امن و امان کی ابتر صورتحال کو بہتر کیا، پہلے کراچی کے لوگ گھروں سے نکلتے ہوئے گھبراتے تھے لیکن آج کراچی کے بازاروں اور پارکوں کی رونقیں بحال ہیں، کراچی کے ہوٹلوں میں جگہ نہیں ملتی کیونکہ کئی عالمی تجارتی وفود اور بین الاقوامی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کے لئے ملک میں موجود ہیں اور ملک کے بڑے تجارتی مرکز کراچی میں آئے روز کوئی نہ کوئی بین الاقوامی کانفرنس یا پروگرام منعقد ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت سے ہی پائیدار ترقی کے عمل کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ آئندہ مالی سال 2018-19ء کے بجٹ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے پاکستان کی تاریخ کا بہترین اور عوام دوست بجٹ پیش کیا جبکہ ہمارے مخالفین بجٹ پیش نہ کرنے کی باتیں کر رہے تھے، حکومت کا مینڈیٹ ہے کہ وہ آخری روز تک کام کرے تاکہ قومی ترقی کا عمل جاری رہ سکے۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے حکومت کو آخری دن تک کام کرنے کا مینڈیٹ دیا ہے اور اگر آنے والی حکومت بجٹ میں تبدیلی کرنا چاہے تو وہ کر سکتی ہے لیکن انشاء اللہ آنے والی حکومت بھی مسلم لیگ (ن) کی ہی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مخالفین صرف باتیں کرتے رہے ہیں جبکہ ہم نے کام کر کے دکھایا ہے، بجٹ میں عوام پر ٹیکس کے بوجھ کو کم کیا گیا ہے لیکن پاکستانی شہری ہونے کی حیثیت سے ہم سب کا فرض ہے کہ ٹیکس ادائیگی کریں۔

انہوں نے کہا کہ اگر امیر ٹیکس نہیں ادا کرتا تو اس کا بوجھ غریب آدمی پر پڑتا ہے جو نا انصافی ہے اور مسلم لیگ (ن) ٹیکس کے دائرہ کار میں اضافے اور عام آدمی کی سہولت کے لئے ٹیکس کی وصولیوں میں اضافہ کو یقینی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر موجودہ حکومت اتنی محنت نہ کرتی تو پھر تھر کا کوئلہ آج بھی زمین میں ہی دبا رہتا لیکن آج تھر کا کوئلہ ملکی ترقی کے لئے استعمال ہو رہا ہے جو ہماری کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے، اسی طرح ملک کی پہلی واٹر پالیسی بنانے کا اعزاز بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کو حاصل ہے اور پالیسیوں کے تسلسل سے ہی پاکستان ترقی کرے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) جو وعدے کئے وہ پورے کئے اب فیصلہ عوام کے ہاتھ میں ہے اور آئندہ انتخابات میں عوام ہی فیصلہ کریں گے کہ انہیں خدمت کی سیاست چاہیے یا انتشار کی! وزیراعظم نے کہا کہ گیس پیدا کرنے والے علاقوں کی ترقی کے حوالے سے مزید اقدامات کئے جائیں گے اور یہاں پر صحت، تعلیم سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ تقریب میں سینیٹر راحیلہ مگسی، او جی ڈی سی ایل کے اعلیٰ حکام سمیت دیگر مختلف اداروں اور کاروباری سمیت علاقے کے معززین نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے اس موقع پر او جی ڈی سی ایل کی کارکردگی کو سراہا۔