ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں 345ریسکیورز کی تقریب حلف برداری کا انعقاد ، پیشنٹ ٹرانسفر سروس نے اب تک دو لاکھ ستاون ہزار سے زائد ایمرجنسی مریضوں کو سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کی سہولت فراہم کی ہے، ڈی جی ریسکیوپنجاب

ہفتہ 28 اپریل 2018 15:20

لاہور۔28 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2018ء) پیشنٹ ٹرانسفر سروس کی مینجمنٹ کیلئے پہلے شارٹ کورس کی تقریب ِ حلف برداری ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں منعقد ہوئی۔ پیشنٹ ٹرانسفر سروس کی ذمہ داری گزشتہ سال محکمہ صحت ، حکومت پنجاب کی جانب سے ریسکیو 1122کو دی گئی تھی ، جس کا بنیاد ی مقصد بنیاد سے سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کی سہولت فراہم کرنے والے ہسپتالوں میں ایمرجنسی مریضوں کو شفٹ کرنا ہے۔

ریسکیو 1122نے گزشتہ سال اس ذمہ داری کو قبول کیااور محکمہ صحت کی 513ایمبولینسز کو ٹیک اوور کیا،جن کی مدد سے اب تک پنجاب بھر میں دولاکھ ستاون ہزار 668ایمرجنسی مریضوں کو یہ سہولت فراہم کی جاچکی ہے۔ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں 345ریسکیورز کی تقریب ِ حلف برداری میں 251ریسکیو ڈرائیورز اور 94کمپیوٹر ٹیلی فون وائرلیس آپریٹرز نے حلف اٹھایا۔

(جاری ہے)

تقریب ِ حلف برداری کے مہمانِ خصوصی بانی ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایمرجنسی سروس ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارہِ امتیاز) تھے جبکہ تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر (ہیومن ریسورس)ڈاکٹر فواد شہزاد مرزا، رجسٹرار اکیڈمی ڈاکٹر محمد فرحان خالد، ڈپٹی ڈائریکٹر (فائر اینڈ ریسکیو)ڈاکٹر محمد اعظم، کنٹرولر امتحانات رقیہ بانو جاوید، ایڈجوٹینٹ اکیڈمی ڈاکٹر علی امام سید ، ہیڈکوارٹرز اور اکیڈمی کے افسران نے شرکت کی۔

واضح رہے اس شارٹ کورس میں ریسکیو ڈرائیورز کو ایمرجنسی ڈرائیونگ، بنیادی ریسکیو مہارتیں ، فرسٹ ایڈ، فائرفائٹنگ اور سرچ اینڈ ریسکیو کے متعلق پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی گئی جبکہ کمپیوٹر ٹیلی فون وائرلیس آپریٹرز کو ایمرجنسی کالز ہینڈلنگ اور کالز ریکارڈنگ سافٹ ویئر بارے تربیت فراہم کی گئی، ڈی جی ریسکیو پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر نے تقریب ِ حلف برداری کے شرکاء کو کامیابی سے تربیت مکمل کرنے پر مبارک باد پیش کی ۔

انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ریسکیو سروسز کو پنجاب کے تمام اضلاع اور تحصیلوں تک پھیلا دیا ہے جس سے بلا تفریق شہریوں کو ایمرجنسی سروسز مہیا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیشہ ورانہ تربیت ہی کی وجہ سے سروس کی کارکردگی ہی منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بیج کو بنیاد ی طورپر پیشنٹ ٹرانسفر سروس کی مینجمنٹ کیلئے شارٹ کورس کی تربیت فراہم کی گئی ہے ، اب ہم محکمہ صحت کے ڈرائیورز کو ریلیو کردیں گے اور اپنے ریسکیو ڈرائیورز کی خدمات بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے اس موقع پر امید ظاہر کی ہے کہ ریسکیو ڈرائیورز اور کمپیوٹر ٹیلی فون وائرلیس آپریٹرز نے جو تربیت یہاں حاصل کی ہے وہ عملی میدان میں بھی بروئے کار لائیں گے۔