سندھ پولیس ایکٹ عجوبہ ہے،

آئی جی کا عہدہ نمائشی رہ جائے گا، افضل شگری

ہفتہ 28 اپریل 2018 16:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2018ء) سابق آئی جی سندھ افضل شگری نے کہا ہے کہ سندھ پولیس ایکٹ ایک عجوبہ ہے، ساری طاقت وزیر داخلہ کو دینے کی کوشش کی گئی ہے، محکمہ تقسیم اور آئی جی کا عہدہ نمائشی رہ جائے گا۔ہفتے کو کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے افضل شگری نے کہا کہ سندھ حکومت نے پولیس ایکٹ بہت جلد بازی میں تیار کیا کیونکہ سندھ حکومت کا آئی جی سے جھگڑا چل رہا ہے۔

اس ایکٹ کے نفاذ سے پولیس کے ڈھانچے میں سنگین مسائل پیدا ہوں گے، ایکٹ میں ساری طاقت وزیر داخلہ سندھ کو دینے کی کوشش کی گئی ہے، نیا ایکٹ آنے سے آئی جی کا عہدہ ایک نمائشی عہدہ رہ جائے گا۔سابق آئی جی نے کہا کہ اگر فورس کمانڈر کو کمزور کیا گیا تو وہ بکھرجائے گی، ایکٹ نافذ ہونے سے پولیس ایک غیر منظم ملیشیا بن جائے گی اور پولیس کو کمزور کرنے سے سیاسی حکومت بھی کمزور ہوگی، پولیس کمزور پڑی تو خلا پیدا ہوگا اوراس سے مزید بدامنی پیدا ہوگی۔

(جاری ہے)

افضل شگری نے کہا کہ نیا ایکٹ نافذ ہونے سے پولیس چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں بٹ جائیگی، وفاقی حکومت پولیس ایکٹ بنائے جو تمام صوبوں میں یکساں نافذ ہو۔انہوں نے بتایا کہ پولیس آرڈر2002 میں تمام چیزوں کو مدنظر رکھا گیا تھا، اس پولیس آرڈر کا حال بھی بلدیاتی حکومتوں کی طرح کیا گیا۔