اسمال انڈسٹریل میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی،

سپریم کورٹ نے حکام سے پیش رفت رپورٹ طلب کرلی

ہفتہ 28 اپریل 2018 16:47

اسمال انڈسٹریل میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی،
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2018ء) سپریم کورٹ نے اسمال انڈسٹریل میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق کیس میں حکام کو آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ پیش کرنے کا حکم دید یا ۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں اسمال انڈسٹریل میں تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی ۔

عدالت نے عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ کرنے پر ڈی جی اسمال انڈسٹریز پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان سے استفسار کیا کہ ملازمین کو تنخواہیں کیوں ادا نہیں کی جا رہیں ۔ جس پر ڈی جی اسمال انڈسٹریز نے جواب دیا کہ میں نے رضاکارانہ چارج لیا ہے ۔ عدالت نے دوبارہ ان سے استفسار کیا کہ آپ کو تنخواہ مل رہی ہے ۔ اسمال انڈسٹریز کے کتنے ملازمین اور کتنی فیکٹریاں رجسٹرڈ ہیں بتایا جائے ۔

(جاری ہے)

عدالتی استفسار پر ڈی جی اسمال انڈسٹریز نے بتایا کہ 581 فیکٹریوں میں 770 ملازمین کام کرتے ہیں ۔ عدالت نے ان سے استفسار کیا کہ کیا فیکٹری میں لیبر قوانین پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے ، جس پر وہاں موجود اسمال انڈسٹریز کے ملازم نے انکشاف کیا کہ اسمال انڈسٹریز میں سہولتیں نہ ہونے کے برابر ہیں ۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ہمیں سب معلوم ہے ۔ اسمال انڈسٹریز میں گائیں اور گدھے باندھے ہوئے ہیں ۔ اسمال انڈسٹریز کی رپورٹ آنے کے بعد ہی ہم حکم نامہ جاری کریں گے ۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔

متعلقہ عنوان :