صدر مملکت کی جانب سے جامعہ کراچی شعبہ ابلاغ عامہ میں ٹی وی اسٹوڈیو کے قیام کا اعلان

شعبہ ابلاغ عامہ کے اساتذہ و طلبہ خوب دل لگا کر کام کریں تاکہ ملک میں معیاری صحافتی اقدار کو مضبوط بنایا جاسکے،ممنون حسین کا تقریب سے خطاب

ہفتہ 28 اپریل 2018 16:54

صدر مملکت کی جانب سے جامعہ کراچی شعبہ ابلاغ عامہ میں ٹی وی اسٹوڈیو کے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2018ء) صدر مملکت ممنون حسین نے جامعہ کراچی شعبہ ابلاغ عامہ میں ٹی وی اسٹوڈیو کے قیام کا اعلان کیاہے ۔ٹی وی اسٹوڈیو کے قیام کا اعلان صدر مملکت نے ہفتے کو سیرت چیئر، جامعہ کراچی کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صدر مملکت نے کہا کہ میرے علم میں آیا ہے کہ شعبہ ابلاغ عامہ ایک طویل عرصے سے ٹی وی اسٹوڈیو سے محروم ہے۔

(جاری ہے)

اس مقصد کے لیے ایوان صدر جامعہ کراچی کو مالی امداد فراہم کرے گا تاکہ جامعہ کراچی کے طلبا کو ٹی وی اسٹوڈیو کے قیام کے بعد دیگر جامعات کی طرح جدید تعلیمی و تربیتی سہولتیں میسر آئیں۔صدر مملکت نے کہا کہ شعبہ ابلاغ عامہ کے اساتذہ و طلبہ خوب دل لگا کر کام کریں تاکہ ملک میں معیاری صحافتی اقدار کو مضبوط بنایا جاسکے کیونکہ اس کی اہمیت جتنی آج ہے اس سے پہلے کبھی نہ تھی۔

پروفیسر ڈاکٹر سیمی نغمانہ طاہر صدر شعبہ ابلاغ عامہ نے ٹی وی اسٹوڈیو کے قیام پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا انہوں نے کہا کہ ٹی وی اسٹوڈیو کا قیام ہمارا دیرینہ خواب تھا کہ جس کے قیام کی منظوری و رقم کی فراہمی کا وعدہ صدر مملکت نے کیا ہے۔ٹی وی اسٹوڈیو کے قیام کے بعد شعبہ ابلاغ عامہ میں الیکٹرانک میڈیا کی معیاری عملی تربیت کا آغاز ہوگا۔