Live Updates

متوازن بجٹ سے پائیدار معاشی ترقی کا ہدف پورا ہوگا : میاں عثمان

ہفتہ 28 اپریل 2018 18:22

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اپریل2018ء) مسلم لیگ (ن) ٹریڈرز ونگ نے آئندہ مالی سال کیلئے پیش کئے جانیوالے وفاقی بجٹ کو متوازن اور عوام دوست قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی او رپیپلز پارٹی کو ہرگز پریشان ہونے کی ضرورت نہیں انشا اللہ آئندہ بھی مسلم لیگ (ن) حکومت بنائے گی ،بجٹ میں زراعت ،صنعت سمیت تمام شعبوں کو ریلیف دیا گیا ہے اور اس سے پائیدار معاشی ترقی کا ہدف پورا ہوگا ۔

ٹریڈرز ونگ لاہور کے سینئر نائب صدر میاں عثمان نے بجٹ پر اپنے رد عمل میں کہا کہ حکومت کی جانب سے بجٹ تیاری سے قبل تمام اسٹیک ہولڈرز سے بھرپور مشاورت کی گئی اور قابل عمل تجاویز کو بجٹ دستاویز کا حصہ بنایا گیا ہے ۔ آئندہ مالی سال کا بجٹ ملکی معیشت کی ترقی کا ٹول ثابت ہوگا اوراپوزیشن والے ہاتھ ملتے رہ جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ باوجود اس کے حکومت نے اپنا آخری بجٹ پیش کیا لیکن زمینی حقائق کو مد نظر رکھتے ہوئے اقدامات تجویز کئے گئے ہیں ،زراعت کیلئے بڑے پیمانے پر سبسڈی دی گئی ہے جس سے کسانوں کو فائدہ پہنچے گا اور اس سے زرعی معیشت مضبوط ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ٹیکسز کی شرح کے حوالے سے تاجروں، صنعتکاروں اور عوامی امنگوں کے مطابق فیصلہ کیا ہے،انکم ٹیکس سمیت کئی شعبوں میں ٹیکس سلیب کو کم کیا گیا ہے ،ٹیکس گزاروں کو تین سال میں ایک سے زیادہ مرتبہ آڈٹ کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ا نہوںنے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ سے پاکستانی معیشت کو عروج ملے گا اور اگر اپوزیشن کے لوگوں نے تعصب نہ رکھا تو وہ بھی شاندار بجٹ پیش کرنے پر حکومت کو داد دینے پر مجبور ہو جائیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات